لاہور (92 نیوزرپورٹ) 92 نیوز نے ڈالر کی قدر میں اضافے کی وجوہات کا پتہ چلا لیا، معاملے پر سٹیٹ بنک کی اِن ہاؤس انکوائری شروع ہو گئی، ابتدائی انکوائری رپورٹ 3 دن میں وزیراعظم کو دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق حکومت کو ڈالر کی ضرورت پڑی تو بنکوں نے مصنوعی قلت پیدا کر دی۔ ڈالر کو مستحکم کرنے سے روپے کی قدر کو شدید دھچکا لگا، انٹربنک میں ڈالر کی قیمت 5 روپے تیرہ پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 3 روپے بڑھ گئی،وزارت خزانہ کے اندرونی ذرائع نے نجی بینکوں کو ڈالر کی اونچی اڑان کا ذمے دار قرار دے دیا، بتایا گیا کہ رواں ہفتے غیرملکی قرض کی ادائیگی کیلئے حکومت کو ڈالر کی ضرورت پڑی تو نجی بینکوں نے مصنوعی قلت پیدا کر دی، اوپن مارکیٹ میں غیرملکی کرنسی کی طلب بڑھی تو بینکوں نے بھی اضافہ کر دیا،سٹیٹ بنک حکام نے بتایا کہ انٹربنک میں بڑھتی ہوئی ڈالر کی قیمت پالیسی کا حصہ نہیں، ڈالر کی قیمت واپس نہ آنے کی صورت میں متعلقہ بنکوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔