اطلاع ہے کہ او جی ڈی سی ایل کی تیل و گیس کی مقامی پیداوار میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ ترجمان او جی ڈی سی کا کہنا ہے کہ درس ویسٹ کنواں ۔2صوبہ سندھ ٹنڈو اللہ یار سے 350بیرل خام تیل یومیہ، درسی ویسٹ کنواں 20سے 80لاکھ مکعب فٹ یومیہ گیس جبکہ درس ویسٹ کنواں۔2سے 20میٹرک ٹن یومیہ ایل پی جی کی اضافی پیداوار بھی شروع ہو گئی ہے جس سے ملک کے سالانہ درآمدی بل میں 50ملین ڈالر کی خطیرکمی ہو گی‘ اس میں شبہ نہیں کہ پاک سرزمین کو اللہ تعالیٰ نے قدرتی وسائل سے مالا مال کر رکھا ہے لیکن ان وسائل کو ملک کے معاشی و اقتصادی فوائد کے حصول کے لئے کبھی استعمال نہیں کیا گیا اور نہ ہی کوئی دیرپا اور کارآمد پالیسی سازی کی گئی۔ ماضی میں قدرتی وسائل کے حوالے سے قومی سطح پر باقاعدہ منصوبہ بندی نہ کر نے کی وجہ سے توانائی ضائع ہوئی جس کا خمیازہ آج ہم توانائی کے بحران کی صورت میںبھگت رہے ہیں۔درس ویسٹ کنواں سے تیل ‘ گیس اور ایل پی جی کی پیداوار کی شروعات خوش کن امر ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ قدرتی وسائل کی تلاش و تحقیق کے لئے جدید ٹیکنا لوجی کو کام میں لایا جائے ، اس سلسلہ میں متعلقہ وزارتیں اور محکمے اپنی ذمہ دارایاں پوری کریں۔ قدرت کی ان نعمتوں کو ضیاع سے بچا یا جائے اور انہیں ایسے مفید اور کار آمد منصوبوں پر خرچ کیا جائے جو ملکی پیداوار میں اضافہ کا باعث بن سکیں۔