پشاور(92نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ماضی میں ارکان صوبائی اسمبلی ووٹ بیچتے رہے ہیں اور وزیرا عظم عمران خان نہیں چاہتا کہ ایک بار پھر ووٹوں کی خریدو فروخت ہو، سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ پر ہوں یا چھپ کر جیت ہماری ہی ہو گی اور اپوزیشن جماعتوں کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑے گا،الیکشن کمیشن کے سامنے پی ڈی ایم کا احتجاج سمجھ سے بالاتر ہے ، الیکشن کمیشن نے سب سے فارن فنڈنگ کا حساب مانگاتھا، وزیر اعظم عمران خان نے اپنے فارن فنڈنگ کا حساب الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرادیا، اب اس کے بارے میں الیکشن کمیشن فیصلہ کر ے گا ،اپوزیشن جماعتیں اپنے پارٹی فنڈ ز کا حساب الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرائیں ، اپوزیشن غلط فہمی میں نہ ر ہے کہ غنڈہ گردی سے وہ کسی ادارے کوکام سے روک نہیں سکتے ، کسی نے بھی قانون اپنے ہاتھ میں لیا تو قانون حرکت میں آئے گا ،وزیراعظم عمران خا ن اپوزیشن کی بلیک میلنگ اور غنڈہ گردی سے ڈرنے والے نہیں ، حکومت اپنی پانچ سالہ آئینی مدت پوری کر ے گی اور آنے والے پانچ سال بھی وزیر اعظم عمران خان ہی اس ملک کے وزیر اعظم ہوں گے ،اس کے بعد پاکستا ن خوشحالی کی طرف گامزن ہو گا،وہ نوشہرہ کے علاقے خوش مقام ،پشتون گھڑی اور ولئی میں شمولیتی جلسوں اور استقبالیوں سے خطاب کررہے تھے ، پرویز خٹک نے کہا کہ تیس سال تک مسلم لیگ ن ،پی پی پی نے باریاں لگائیں، اگر انہوں نے کوئی کارنامہ کیا ہوتا تو آج ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوتا لیکن انہوں نے لوٹ مار ٹ اور کرپشن کے ذریعے ملک کو قرضوں کے دلد ل میں پھنسا دیا اور آج پاکستان عوام ان سیاسی جماعتوں کی غلط پالیسوں اور اپنے تجوریاں بھرنے کی وجہ سے بیروزگار ہے اور مہنگائی کا شکار ہیں۔