خیبرپختونخوا کی داخلہ مہم "علم د ٹولو پارہ ’’ کا آغاز کر دیا گیا ہے ، یاد رہے کہ صوبائی وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم فیصل ترکئی نے مہم کا افتتاح کیا۔محکمہ تعلیم کے ذرائع کے مطابق داخلہ مہم میں 10 لاکھ بچوں کو سکولوں میں داخل کیا جائے گا۔ خیبر پی کے میں تعلیم سے دوری نے کئی مسائل پیدا کر رکھے ہیں ،سب سے بڑا مسئلہ بیروزگاری ہے جبکہ ان پڑھ بچے جلد بے راہ روی کا شکا ر ہوتے ہیں ۔تحریک انصاف کی حکومت نے صرف پشاور شہر میں 10لاکھ بچوں کو سکولوں میں لانے کے ہدف کا اعلان کر کے دیگر صوبوں کی حکومتوں کے لیے کافی مشکلات پید اکر دی ہیں ۔وفاقی وزارت تعلیم کی ایک رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 17 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں، جب کہ سندھ میں 76 لاکھ 30 ہزار بچے اسکول نہیں جا رہے۔ بلوچستان میں 31 لاکھ 30 ہزار بچے تعلیم سے محروم ہیں، خیبر پی کے میں 36 لاکھ 71 ہزارسے زائد بچے سکول سے باہر ہیںجبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 80 ہزار بچے ایسے ہیں جوسکول نہیں جا رہے۔خیبر پی کے نے کمر کس لی ہے دیگر صوبوں کوبھی اس سلسلے میں میدان میں آنا چاہیے ۔چاروں صوبوں کی حکومتوں کو ایک دوسرے پر الزام تراشی کی بجائے تعلیم اور روزگار کے میدان میں ایک دوسرے کا مقابلہ کرنا چاہیے ۔