مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد گورنر ہائوس میں منعقد تقریب میں پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا ہے ۔پنجاب میں مریم نواز کے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد انتقال اقتدار کا ابتدائی مرحلہ مکمل ہونا خوش آئند ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ صوبے کی ترقی جمہوری تسلسل میں مضمر ہے۔ امید ہے کہ مریم نواز منتخب وزیر اعلیٰ کی حیثیت سے صوبے کے عوام کی خدمت کی روایت برقرار رکھیں گی۔ مریم نواز سے کامیاب حکمرانی کی توقع رکھنے کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ان کے خاندان کا ریاستی امور احسن انداز میں چلانے کا بھر پور تجربہ ہے۔ ان کے والد میاں نواز شریف پنجاب کے وزیر اعلیٰ اور ملک کے تین بار وزیر اعظم کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں جبکہ ان کے چچا ترقیاتی کاموں کے حوالے سے شہباز سپیڈ کا اعزاز رکھتے ہیں۔ مریم نواز کی سیاسی تربیت کا ہی ثمر ہے کہ انہوں نے ایوان میں پہلے روز ہی رمضان پیکیج ،ایمرجنسی میں مفت ادویات فراہمی اور خواتین کے حقوق کے تحفظ ایسے انقلابی اقدامات کا اعلان کر کیا ہے۔ امید کی جا سکتی ہے کہ مریم نواز میاں نواز شریف کی رہنمائی اور سیاسی تربیت کی وجہ سے نہ صرف اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلیں گی بلکہ پنجاب کے عوام کی خدمت کی نئی روایت کوپروان چڑھائیں گی۔