لاہور(قاضی ندیم اقبال)دو سال کے بعد داتا دربار کمپلیکس میں شہر اعتکاف سجانے کا فیصلہ کرتے ہوئے شہریوں کو فارم تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔ معتکفین کے لئے سپیشل برانچ اور دیگر سیکورٹی اداروں کی کلیرنس لازمی قرار دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق داتا دربار کمپلیکس میں آخری بار 2019 رمضان المبارک 1440 ھ میں عقیدت مند بڑی تعداد میں معتکف ہوئے ۔ سال 2020 اور سال 2021میں کورونا وبا کے خدشات کے سبب داتا دربار سمیت پنجاب بھر کی کسی بھی وقف مسجدمیں بڑی تعداد میں معتکف ہونے کی اجازت نہیں دی گئی ۔تاہم رواں برس رمضان المبارک 1443ھ بمطابق 2022 میں محکمہ اوقاف پنجاب نے داتا دربار کمپلیکس میں شہر رمضان سجانے کا فیصلہ کرتے ہوئے خواہشمند شہریوں میں فارمز کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا ۔اعتکاف کمیٹی کی جانب سے صبح 9بجے سے نماز عصر تک درخواست فارمز تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔30 شعبان کے بعد کوئی درخواست وصول نہیں کی جائے گی ۔وصول دردخواستیں سیکورٹی کلیرنس کے لئے سپیشل برانچ سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھجوا دی جائیں گی۔ تصدیق ازاں متعلقہ تھانہ اور گزٹیڈ آفیسر فارم قبول نہیں ہو گا ۔جبکہ اعتکاف حکومتی اجازت سے مشروط ہو گا۔ لاہور(نمائنادہ خصوصی سے ) جامع مسجد داتا دربار میں 27ویں رمضان المبارک سے 29ویں رمضان المبارک تک محافل شبینہ کے انعقاد کا فیصلہ کرتے ہوئے شرکت کے خواہش مند قرا /حفاظ سے درخواستیں طلب کر لی گئیں۔جو 29مارچ تک جمع کرائی جا سکیں گی ۔ذرائع کے مطابق تین روزہ محافل شبینہ کوویڈ 19ایس او پیز کے تحت کرائی جا ئیں گی ۔ درخواست سادہ کاغذ پر دی جائے گی ۔درخواست میں مکمل کوائف نام و پتہ، قومی شناختی کارڈ ،پاسپورٹ سائز تصویر،حفظ و تجوید کی سند کی فوٹو کاپی، رہائشی فون یا موبائل نمبر، متعلقہ تھانہ کا ایڈریس و فون نمبر بھی شامل کیا جائے گا ۔اور درخواستیں 29مارچ کی سہہ پہر 4بجے تک ایڈمنسٹریٹر داتا دربار کے دفتر میں دستی اور بذریعہ ڈاک جمع کرائی جاسکیں گی۔انتظامیہ؍ انٹرویو پینل کا فیصلہ انتخاب حفاظ کرام، سپاروں کی تقسیم، سامع وغیرہ کے جملہ امور بارے حتمی ہو گا۔ انٹرویو 31مارچ2022 جمعرات کی صبح 8بجے جامع مسجد ملحقہ دربار حضرت داتاگنج بخش ؒ لاہورمیں ہوں گے ۔