لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ نیا بلدیاتی نظام عوام کی امنگوں کا ترجمان ہوگاجبکہ انہوں نے کروناوائرس پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر صاحبزادہ محبوب سلطان،رکن قومی اسمبلی احمد حسین دیہڑاور رکن پنجاب اسمبلی شہباز احمدنے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور فلاح عامہ کے منصوبوں پر بات چیت ہوئی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف اور بروقت تکمیل کیلئے ٹھوس میکنزم بنایا گیا،وزارت اعلیٰ کامنصب عوام کی خدمت کے لئے وقف ہے ، پنجاب اسمبلی میں قلیل مدت کے دوران ریکارڈ قانون سازی کی ہے ، انہوں نے کہاکہ نئے بلدیاتی نظام میں عوام حقیقی معنوں میں بااختیار ہوں گے ، نئے بلدیاتی نظام سے پنجاب میں نئی تبدیلی آئے گی، انہوں نے کہاکہ سٹیٹس کو ختم کر کے نیا نظام رائج کریں گے ۔پہلے بھی سرخرو ہوئے ہیں اب بھی سرخروہوں گے ۔ادھرکرونا وائرس کے مشتبہ کیس سامنے آنے پروزیراعلیٰ نے محکمہ صحت اورصوبائی انتظامیہ کو کرونا وائرس سے عوام کو بچانے کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت اوردیگر متعلقہ ادارے کرونا وائرس کے حوالے سے چوکس رہیں اورکرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے تمام ضروری اقدامات فی الفور اٹھا ئے جائیں۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ عمران کی سربراہی میں نوجوان بزنس مینوں کے وفدنے ملاقات کی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں کاروبار کی فضا ء انتہائی سازگار ہے ،بزنس فرینڈلی حکومت کی بزنس فرینڈلی پالیسیوں سے کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے ،سپیشل اکنامک زونز میں صنعتکاروں کو انڈسٹری لگانے پر خصوصی مراعات دی جائیں گی، انہوں نے کہاکہ چند سال میں صوبے بھر میں 15لاکھ سے زائد ہنر مند افراد کیلئے روزگار کے مواقع میسر ہوں گے ، لاہور،سیالکوٹ موٹر وے کو گوجرانوالہ کے ساتھ لنک کرنے کا جائزہ لیں گے جبکہ فیروزپور روڈ پر لگی انڈسٹریز کو ریگولر کرنے کے حوالے سے قواعد و ضوابط کے مطابق اقدامات کریں گے ۔