کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرا میچ 7وکٹوں سے ہرا کر ٹی ٹونٹی سیریز میں3 سال بعد کلین سویپ کر دیا ۔ کراچی میں کھیلے جانیوالے تیسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں کالی آندھی کی ٹیم نے 3 وکٹوں پر 207 رنز بنائے جس میں وکٹ کیپر بیٹسمین نکولس پورن نے سب سے زیادہ 64 رنز بنائے ۔ بروکس نے 49 اور برینڈن کنگ نے 43 رنز کی اننگز کھیلی ۔ پاکستان کی طرف سے بائولنگ کرتے ہوئے محمد وسیم نے دو اور شاہنواز دھانی نے ایک وکٹ حاصل کی ۔جواب میں پاکستان نے مقررہ ہدف 18.5 اوورز میں 3 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ محمد رضوان 87 بابر اعظم 79 فخر زمان 12 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے ۔ آصف علی 21 اور افتخار احمد 1 سکور کرنے میں کامیاب رہے ۔ ویسٹ انڈیز کی طرف سے شیفرڈ ، ڈریکس اور سمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔محمد رضوان مین آف دی میچ کے علاوہ مین آف دی سیریز قرار پائے ۔ یاد رہے کہ کالی آندھی کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 63 دوسرے میں 9 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ 2018ء میں بھی پاکستانی ٹیم ویسٹ انڈیز کو کراچی میں کلین سویپ کر چکی ۔