کراچی (سپورٹس ڈیسک) پاکستان سپرلیگ کے 7ویں سیزن کا رنگا رنگ آغاز کردیا گیا۔ افتتاحی میچ میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کرکٹ بورڈ نے کورونا کے باعث افتتاحی تقریب کو انتہائی مختصر رکھا ۔تقریب کے آغاز پر چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے 1950 ء سے 2022ء تک پاکستان کرکٹ کی 70سالہ تاریخ پر مختصر روشنی ڈالی گئی، اور قومی ہیروز کو خراج تحسین پیش کیا۔بعد ازاں عالمی شہرت یافتہ پیرا شوٹ ایتھلیٹس فلورینٹ ڈریگیئر، پال شٹائنر اور سٹیفن میولر نے پیراگلائیڈنگ کا شاندار مظاہرہ کر کے سٹیڈیم میں لینڈنگ کی۔بعد ازاں گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل 7 کے آفیشل گانے پر پرفارمنس دی۔ وزیراعظم عمران خان کا ویڈیو پیغام سکرین پر دکھایا گیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل 7 کا باقاعدہ آغاز کیا، جس کے ساتھ ہی آسمان شاندار آتشبازی سے جگمگا اٹھا۔افتتاحی تقریب کے بعد دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز اور میزبان کراچی کنگزکے درمیان میچ کا آغاز کیا گیا جس میں ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ نیشنل سٹیڈیم میں دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور کراچی کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز بنائے جس میںشرجیل خان 43 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ سلطانز کے عمران طاہر نے تین ، خوشدل شاہ اور شاہ نواز دھانی نے ایک ،ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں سلطانز نے ہدف 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کر لیا ۔ محمد رضوان نے سب سے زیادہ 52 رنز سکور کئے ۔ تین وکٹیں حاصل کرنے پر عمران طاہر کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔