کراچی( سپورٹس ڈیسک ) پاکستان سپرلیگ کے چھٹے میچ میں فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے فتح کا کھاتہ کھول لیا، 6 وکٹوں سے فتح حاصل کی جس کے بعد کراچی کنگز کو مسلسل تیسرے میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بنائے ،شرجیل خان 60 رنز بناکر نمایاں رہے ۔ محمد نبی نے 15، کپتان بابر اعظم نے 41،جو کلارک نے 24 رنز بنائے ،لاہور قلندرز کے حارث رؤف نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ فخر زمان کی شاندار سنچری کی بدولت لاہور قلندرز نے 171 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا ۔ عبداللہ شفیق 8 ،کامران غلام 6 ، محمد حفیظ 24 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے ، فخر زمان نے پی ایس ایل کی گیارہویں اور ساتویں ایڈیشن کی پہلی سنچری سکور کی۔انہوں نے 60 گیندوں پر 106 رنز کی شاندار اننگز کھیلی ۔فخر زمان نے پاکستان سپر لیگ میں 1500 رنز مکمل کیے انہوں نے یہ کارنامہ 52 اننگز میں انجام دیا۔ وہ پی ایس ایل میں سنچری بنانے والے آٹھویں کھلاڑی ہیں۔ فخر زمان کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا ۔ پانچویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہیلز اور سٹرلنگ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت پشاور زلمی کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔پشاور زلمی کا 169 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 16 ویں اوورز ایک وکٹ کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔ شرفین ردرفورڈ کے ناقابل شکست 70 رنز کی بدولت زلمی نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 168 رنز بنائے ،بین کٹنگ 26 اور شعیب ملک 25 رنزبناکر نمایاں رہے ۔یونائیٹڈ کی جانب سے حسن علی اور فہیم اشرف نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ پشاور زلمی کے 169 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آباد کے بیٹرز نے شاندار بیٹنگ کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 112 رنز بنائے ، پال سٹرلنگ 25 گیندوں پر 57 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے ۔الیکس ہیلز کی شاندار ب بیٹنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 169 رنزکا ہدف 16 ویں اوورز میں باآسانی حاصل کرلیا ۔الیکس ہیلز 82 اور رحمان اللہ گرباز 27 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔اسلام آباد کے پال سٹرلنگ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔