اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی وزرائے خارجہ کونسل کے جدہ میں منعقدہ غیر معمولی اجلاس میں عالمی فورم بعنوان’’نفرت اور تشدد کو بھڑکانے میں میڈیا کا کردار‘ غلط معلومات اور تعصب کے خطرات‘‘ کے نتائج کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس نے غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت پر بات چیت کی گئی اور بنی الاقوامی میڈیا میں تعصب اور غلط معلومات کے حوالے سے قرار دادیں پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ مغربی میڈیا کے کچھ حصہ میں ہی مسئلہ فلسطین کو اجاگر کیا جاتا ہے جو فلسطینیوں کو اپنے جائز حقوق حاصل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ اس میں دو رائے نہیں کہ مغربی میڈیا فلسطینیوں کے موقف کو سامنے لانے گریزاں ہے، اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ امریکی اور مغربی میڈیا پر اسرائیلی سرمایہ کاروںاور مالکان کی گرفت بہت مضبوط ہے۔ غزہ میں جاری حالیہ اسرائیلی بربریت سے جسکا بلا ناغہ ارتکاب کیا جارہا ہے‘ مغربی میڈیا چشم پوشی کر رہا ہے جبکہ اس کے مقابلہ میں اسرائیل کو جارحیت کے باوجود مظلوم بنا کر پیش کرنے کی کوشش کی جاتی ہے ۔ مغربی میڈیا میں فلسطینیوں کے خلاف نفرت ‘ تشدد اور تعصب کو ہوا دی جاتی ہے جن کے ہزاروں بچے اور خواتین اس جارحیت کی بھینٹ چڑھ چکے ہیں اور ہزاروں بے یارو مددگار زخمی امداد کے منتظر ہیں ۔ ضرورت اس امر کی ہے او آئی سی سمیت دوسری اسلامی تنظیمیں‘ادارے اور مسلم حکمران محض اجلاس بلانے کی بجائے اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل بنائیں اور فلسطینیوں کی مدد کے لئے عملی اقدامات کریں۔