اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی،ا ین این آئی،مانیٹرنگ ڈیسک)الیکشن کمیشن عام انتخابات 2018ء کے نتائج کی ترسیل کیلئے روایتی طریقہ اورٹرانسمیشن سسٹم دونوںکا استعمال کریگا۔پریذائڈنگ افسر امیدواروں کے ایجنٹس کے سامنے گنتی اور نتیجہ مرتب کرینگے اور فارم 45پر پولنگ ایجنٹس کے دستخط کرا ئینگے ۔اگر کوئی پولنگ ایجنٹ نتیجہ پر دستخط نہیں کریگا تو پریذائڈنگ افسر الیکشن کمیشن کو تحریری وجوہات بھجوائیگا۔پریذائڈنگ افسران روایتی اور ٹیکنالوجی دونوں کے ذریعے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوا ئینگے ۔روزنامہ92 نیوز نے ہدایت نامہ حاصل کرلیا جو آئندہ ہفتے پریذائڈنگ افسران کو بھیجوایا جائیگا۔پریذائڈنگ افسران رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم کے ذریعے متعلقہ پولنگ سٹیشن کا نتیجہ آر اوز اورالیکشن کمیشن کو بھجوائیں گے ۔پریذائڈنگ افسران متعلقہ پولنگ سٹیشن کا غیر حتمی غیر سرکاری نتیجہ پولنگ سٹیشن پر چسپاں کرنے کا پابند ہوگا۔پریذائڈنگ افسران فارم 45،بیلٹ پیپرز کے سیل تھیلے ،انتخابی مواد ریٹرننگ افسران کو جمع کرانے کے پابند ہونگے ۔پریذائڈنگ افسران کی غلطی کو بعد میں ریٹرنگ افسر درست کرسکتا ہے ۔دوسری جانب الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر چلنے والی ویڈیو کا نوٹس لے لیا او ر ڈی آر او اسلام آباد کو ٹرینر کی ایک ٹیچر کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیاہے ۔ اتوار کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹریننگ کے دوران پولنگ سٹاف کے پاس سمارٹ فون نہ ہونے کی صورت میں اسے مجبور نہ کیا جائے ۔پولنگ سٹاف کی عزت نفس کو مجروح نہ کیا جائے ۔خلاف ورزی کی صورت میں ٹرینرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ادھر الیکشن کمیشن نے پولنگ کے دن کون سے عوامل غیر قانونی تصور کئے جائینگے کا تعین کردیا ہے ۔الیکشن کمیشن کے مطابق اپنی شناخت چھانا، کسی دوسرے کی جگہ ووٹ ڈالنا سنگین جرم تصور ہونگے ۔پولنگ کی جگہ پر قبضہ ، عملے سے بیلٹ پیپر یا باکس چھیننااورپرامن انتخابی عمل کو متاثر کرنا بھی جرم ہوگا۔پریذائڈنگ افسر جرم کے مرتکب شخص کو سزا سنا کر جیل بھیج سکے گا ۔دوسری جانب فیلڈ سٹاف کی آسانی کیلئے الیکشن کمیشن نے 142نئی گاڑیاں خرید لی ہیں۔الیکشن کمیشن نے 2800سی سی ویگو گاڑیاں28کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے خریدی ہیں۔ گاڑیاں چاروں صوبوں،فاٹا اور اسلام آباد کے ضلعی وریجنل الیکشن کمشنرز کے حوالے بھی کردی گئی ہیں۔ ادھر سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد نے کوئٹہ میں صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کے دفتر کا دورہ کیا۔ انہوں نے بلوچستان میں الیکشن کے حوالے سے سکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن سے متعلق تمام درپیش مسائل سے آگاہ ہیں بلوچستان میں الیکشن کمیشن کے افسران اور الیکشن 2018 کے امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاک فوج کے اعلیٰ افسران، آئی جی ایف سی اور آئی جی پولیس سے رابطہ کیا جا ئیگا، امیدواروں کی سکیورٹی میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔