کراچی (سٹاف رپورٹر) ملکی سیاسی تاریخ میں25 کا ہندسہ اور بدھ کا دن اس بارکیا تبدیلی لے کرآئے گا؟ اسکا فیصلہ توکل 25 جولائی بدھ کو ہونے والے انتخابات کے بعد ہی سامنے آئے گا لیکن ملکی سیاسی تاریخ میں 25 تاریخ اوربدھ کے دن عام انتخابات کے علاوہ دیگر کئی اہم واقعات رونما ہوئے ۔ملک میں پچیس تاریخ اوربدھ کے دن کا عام انتخابات کی تاریخ سے گہرا تعلق ہے اوربدھ کے دن کوملکی سیاسی تاریخ میں خاصی اہمیت حاصل رہی ہے ۔16 نومبر 1988 کے عام انتخابات بدھ ہی کے روز ہوئے تھے ،جس میں پیپلز پارٹی کی حکومت بنی اوربینظیر بھٹو اسلامی ممالک کی پہلی خاتون وزیراعظم منتخب ہوئی تھیں۔24 اکتوبر 1990 بروز بدھ کا سورج میاں نواز شریف کیلئے کامیابی کی نوید لے کرطلوع ہوا۔6 اکتوبر 1993بدھ کے دن بے نظیرشہید کے لیے دوسری حکومت کی نوید لایا۔ 6 اکتوبر 1993 بروز بدھ پیپلزپارٹی عام انتخابات میں کامیاب ہوئی تھی۔ دوسری طرف عمران خان کی زندگی میں 25 کاہندسہ بھی نیک شگون کی علامت ہے ۔ 25 مارچ 1992 میں پاکستان عمران خان کی کپتانی میں پہلی بارکرکٹ کاعالمی چیمپیئن بنا تھا اوراس روز بدھ کا دن تھا۔عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد بھی 25 اپریل 1996 کو ہی رکھی تھی۔عمران خان نے اسلام آباد میں جاری 126 دن کا دھرنا بھی بدھ ہی کے روزختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔