اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تمام اتحادی جماعتیں ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کے قومی ایجنڈے پر متفق ہیں۔ اتحاد اور یکجہتی کیساتھ ہر محاذ پر پاکستان کے مفادات کا تحفظ کریں گے ۔ اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے ، قومی ترقی کا عمل انہیں اعتماد میں لیکر ان کی مشاورت سے آگے بڑھائیں گے ۔ منگل کو اپنے ٹویٹ میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا نقطہ نظر کے اختلاف پر اپوزیشن میں خوش ہونے والوں کی امیدوں پر ایک بار پھر اوس پڑنے والی ہے ، ان کی حسرتیں ایک حسرت بن کر رہ جائیں گی۔ عمران خان کی قیادت میں ملک و قوم کی خوشحالی کا عمل مزید قوت سے آگے بڑھے گا۔ ملک کے اندر اور باہر حکومتی اقدامات کے اثرات مختلف کامیابیوں کی صورت سامنے آرہے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت کی روشنی میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ایران اور سعودی عرب کے دورے نہایت مثبت اثرات کے حامل ہیں۔ پاکستان نے خاموش تماشائی بننے کے بجائے امت مسلمہ اور امن کے مفاد میں تعمیری کردار ادا کیا۔وزیراعظم کے اقدام پر وزیر خارجہ کے رابطوں اور دوروں کو مسلم ممالک اور دنیا قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے ۔یہ خطے اور عالمی سطح پر پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کی علامت ہے ۔