لاہور( شوبز ڈیسک ) نامور کامیڈین افتخار ٹھاکر نے کہا ہے کہ محنت کے ساتھ تعلیم کا سلسلہ بھی جاری رکھا اور میں نے اپنے شعبے سے متعلق بیرون ملک سے بھی باقاعدہ تعلیم حاصل کر رکھی ہے ، ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ شروع سے محنت کر رہا ہوں لیکن اس کے ساتھ پڑھائی کا سلسلہ جاری رکھا کیونکہ تعلیم کے بغیر انسان نا مکمل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پرائیویٹ طور پر گریجوایشن مکمل کی لیکن جب میں نے بیرون ملک اپنی ڈگریاں دکھائیں تو انہوں نے کہا کہ ان ڈگریوں کی کوئی حیثیت نہیں اور یہ تو میٹرک کی تعلیم کے برابر ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے بتایا کہ غیر ملکی کمپنی نے لاکھوں روپے ماہانہ تنخواہ چھوڑ کر وطن واپسی کے فیصلے پر کہا کہ پاکستان میں حالات بہت برے ہیں جس پر میں نے کہا کہ جو خدا مجھے یہاں لاکھوں روپے دے سکتا ہے پاکستان میں بھی وہی میرا رازق ہے ۔ افتخار ٹھاکر نے کہا کہ بچپن میں اتنا شرارتی تھا کہ مجھے سکول سے نکال دیا گیا اور سرٹیفکیٹ پر ایسے ریمارکس لکھے گئے کہ مجھے اپنے ضلع میں کہیں داخلہ نہ ملا ۔