لاہور(سٹاف رپورٹر،92نیوزرپورٹ، نیوز ایجنسیاں) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی والدہ مرحومہ بیگم شمیم اختر کی روح کے ایصال ثواب کے لئے جاتی عمرہ رائے ونڈ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں شہباز شریف ، مریم نواز، حمزہ شہباز ، شریف خاندان کے عزیز و اقارب، پارٹی کے سینئر وسیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر مدرسے کے طلبہ نے قرآن خوانی اور نعت خوانی کی ۔ بعد ازاں مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب کے لئے اجتماعی دعاکی گئی ۔وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں آزادکشمیر کابینہ کے اراکین ،معروف عالم دین مولانا طارق جمیل ،لیاقت بلوچ ، فرید پراچہ ، شاہ اویس نورانی، محموداچکزئی، سینیٹر عثمان خان کاکڑ، پروفیسر ساجد میر ،فیصل سبزواری،عامر خان،تحریک انصاف کے رہنما آجاسم شریف، محمد زبیر،امیر مقام ، نہال ہاشمی،ڈاکٹر آصف کرمانی،چوہدری محمد عزیز ،ڈاکٹر نجیب نقی، مشتاق منہاس ،مصطفی بشیر احمد،چوہدری شہزاد ،افتخار گیلانی ،عامر الطاف ،چوہدری اسماعیل سمیت سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنمائوں اور دیگر اعلیٰ شخصیات نے شہباز شریف ،مریم نواز اور حمزہ شہباز سے ملاقات کر کے بیگم شمیم اختر کے انتقال پر اظہار تعزیت اورفاتحہ خوانی بھی کی ۔سابق صدرآصف زرداری نے شہبازشریف کوٹیلی فون کرکے والدہ کے انتقال پراظہارتعزیت کیا،آصف زرداری نے کہامائیں سب کی سانجھی ہوتی ہیں،دکھ کی اس گھڑی میں آپ کے ساتھ ہیں،آصف زردارینے مرحومہ بیگم شمیم کی مغفرت اورایصال ثواب کے لیے دعابھی کی۔ شریف خاندان کے افراد نے میاں محمد شریف ، بیگم شمیم اختر، بیگم کلثوم اور عباس شریف کی قبروں پر بھی حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔پولیس نے گزشتہ روز بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے ۔