ملتان ، ڈیرہ غازی خان ، لاہور (سپیشل رپورٹر، ڈسٹرکٹ رپورٹر ، خصوصی نمائندہ) وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کا باب بند کر دیا گیا ہے ۔ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کا قیام پسماندہ علاقوں کے لوگوں کے لئے ہماری حکومت کا تحفہ ہے ، سیکرٹریٹ کے قیام سے مقامی لوگوں کو اپنے کام کیلئے لاہور نہیں آنا پڑے گا ۔ منصوبوں پر خرچ کی جانے والی رقم کا شفاف استعمال یقینی بنایا جائے گا ۔ وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ قومی وسائل میں کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ملتان ایئرپورٹ پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ، ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب و ضلعی انتظامیہ کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار گزشتہ روز ڈیرہ غازی خان سے ملتان پہنچے اور ملتان ائیرپورٹ پر اجلاس منعقد ہوا ، عثمان بزدار نے کہا صوبہ میں تعمیر و ترقی کا نیا دورشروع ہوچکا ، ملتان ڈویژن کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز رکھے گئے ہیں، پسماندہ علاقوں کی ترقی پر زیادہ توجہ دے رہے ہیں ، وزیراعلیٰ نے افسران کو ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیزکرنے کی ہدایت کی اور جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلئے مؤثر کریک ڈاؤن کا بھی حکم دیا ۔قبل ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے سرکٹ ہاؤس ڈی جی خان میں اراکین اسمبلی،عمائدین،کارکنوں اورشہریوں نے ملاقات کی، وزیر اعلیٰ نے بلوچی زبان میں حال احوال پوچھا، لوگوں کے مسائل سنے ، درخواستیں وصول کیں اور موقع پر ہی احکامات جاری کئے ، منتخب نمائندوں، عمائدین اورکارکنوں نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کیلئے افسروں کی تعیناتی پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو مبارکباد دی، سردار عثمان بزدار نے کہا عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر شہر جاؤں گا، ہم محنت اوراخلاق کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے ، میں عوام سے ہوں اورعوام کی خدمت کیلئے جان بھی حاضر ہے ، سابق دور میں نمائشی منصوبوں کے فیتے کاٹے گئے ، ہماری حکومت نے اس غلط روایت کا خاتمہ کیا، جنوبی پنجاب کی ترقی و خوشحالی کے لئے مختص فنڈز کسی اور مقصد کیلئے ا ستعمال نہیں ہوں گے ، جنوبی پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے رول ماڈل بنائیں گے ، ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی ہماری ترجیح ہے ، کسی کرپٹ اہلکار کو برداشت نہیں کروں گا، پنجاب میں میرٹ کویقینی بنایا ہے ۔