لاہور(قاضی ندیم اقبال سے ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما وحید عالم خان نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف اپنے لئے نہیں پاکستان اور عوام کے لئے واپس آئے ۔ 25جولائی کو عوام کی خدمت کرنے والوں اور جھوٹے دعوے کرنے والوں کے مابین مقابلہ ہے ۔نواز شریف نے ملک کو ایٹمی طاقت بنانے کے علاوہ اس کے اندھیروں کو ختم کرنے کے لئے دن رات کام کیا۔ملک میں موٹر وے کا جال بچھایا ۔ پاکستان کی عوام سمجھدار اور سیا سی بصیرت کی حامل ہیں ۔ لہذا چند روز بعد ہونے والے عام انتخابات میں نیا پاکستان بنانے کے دعویداروں کو اپنی حیثیت کا علم ہو جائے گا۔ پاکستان کے عوام جانتے ہیں کہ عمران خان خیبر پختونخوا کے بعد پاکستان کی لٹیا ڈبونا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے روزنامہ 92 نیوز کو دئیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ پانچ سالوں میں نیشنل گرڈ سسٹم میں 11ہزار میگاوات بجلی شامل کر کے ملک سے اندھیروں کو ختم کرنے میں میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے بے مثال کام کیا۔ نواز شریف نے کسانوں کا سستی کھار فراہم کی، کاشتکاروں کے مسائل حل کئے ۔ 25جولائی کو شیر دھاڑے گا تو سب دبک جائیں گے ۔ عوام جانتے ہیں کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے ماسوائے جھوٹ بولنے کے کچھ نہیں کیا ۔ ایک سوال کے جواب میں وحید عالم خان نے کہا کہ خالی نعروں سے نیا پاکستان بنانے والوں نے عوام میں مایوسی پھیلائی اورملک کی خوشحالی کے سفر کو روکنے کی سازش کی۔ن لیگ نے پہلے بھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور اب بھی ملک کو معاشی اور دفاعی لحاظ سے مضبوط بنائے گی، شکست خوردہ ان عناصر کی سیاست جھوٹ، بے بنیاد الزامات اوردشنام طرازی کے گرد گھوم رہی ہے ۔ وحید عالم خان نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دور اقتدار خدمت، دیانت اور محنت سے عبارت ہیں۔ پرویز مشرف اور انکے حواریوں کا دور ہو یا پاکستان پیپلز پارٹی کا پانچ سالہ دور حکومت ،سابق ادوار میں توانائی بحران سے معیشت کو بے حد نقصان ہوا اور سابق حکمرانوں کی نااہلی اور مجرمانہ غفلت سے صنعت اور زراعت کے شعبے تباہ ہوئے ۔،پیپلز پارٹی کے سابق دور میں قومی وسائل کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا گیا اورسر سے پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں قومی وسائل کی لوٹ مار کا بازار گرم کئے رکھا۔ اس کے برعکس ہم نے عوامی خدمت کے ریکارڈ قائم کئے ہیں ۔ الزام خان سے بڑا جھوٹا کوئی نہیں۔عواما عمران خان کو سمجھ چکے ہیں۔ ان کا ایجنڈہ کسی نہ کسی طرح اقتدار حاصل کرنا ہے اور کچھ نہیں۔تبدیلی کا دعوی کرنے والوں نے خیبر پختونخوا کا بیڑہ غرق کر دیا ہے ۔