لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبرنے حکومت پر زور دیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران انڈسٹری کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائے ، ماضی میں ماہ رمضان کے دوران صنعتوں کو بجلی کی بھاری لوڈشیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا ،اب بہت سے پیداواری منصوبے مکمل ہونے کے بعد وافر بجلی موجود ہے جس سے گھریلو صارفین اور انڈسٹری دونوں کی ضروریات باآسانی پوری کی جاسکتی ہیں۔ ایک بیان میں چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ صنعتو ں اور گھریلو صارفین دونوں کو بجلی کی مسلسل فراہمی اشد ضروری ہے ، ماہ رمضان کے دوران گرم موسم اور طلب میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے پیشگی اقدامات اٹھائے اور سسٹم کو ہر لحاظ سے بہتر کرے تاکہ صنعتوں کے لیے بجلی کی معطلی جیسے چیلنجز سے نمٹا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے پاس ٹرانسفارمرز، کیبلز، کھمبوں اور سامان کا وافرسٹاک ہونا چاہیے تاکہ بوقت ضرورت کسی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ صنعتی شعبہ کی ترقی معاشی استحکام کی ضمانت ہے ، اسے بلاتعطل بجلی کی فراہمی سمیت حکومت سے ہر قسم کا تعاون چاہیے تاکہ یہ روزگار کی فراہمی اور قیمتی زرمبادلہ ملک میں لانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے ۔