لاہور،حسن ابدال(نمائندہ خصوصی سے ،نمائندہ 92 نیوز ) متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کی جانب سے آج جمعرات کو ہونے والی 323 ویں خالصہ جنم دن اور ویساکھی میلہ2019کی مرکزی تقریب کے لئے تیاریاں مکمل ہوگئیں جبکہ بھارت سمیت دنیا کے دیگر ممالک سے آئے ہوئے سکھ یاتریوں نے گورودوارہ پنجہ صاحب میں موسمی اثرات سے محفوظ رکھنے سمیت دیگر حوالوں سے کئے گئے انتظامات کو شایان شان قرار دے دیا ۔ ویساکھی کی مرکزی تقریب’’ بھوگھ اکھنڈ پاٹھ صاحب ‘‘ آج چودہ اپریل جمعرات کو گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں منعقد ہو گی جس میں بھارت اور دیگر ممالک سے آنے والے یاتریوں کے علاوہ پاکستان بھر سے آنے والے مقامی سکھ شہری بھی شریک ہوں گے ۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق آج 25 ہزار سے زائد سکھ یاتری ’’خالصہ جنم دن ‘‘ تقریبات کا حصہ بنیں گے ۔دریں اثناء ’’92‘‘ نیوز سے خصوصی گفتگو میں چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈڈاکٹر عامر احمد نے سکھ نانک نام لیوائوں کوخالصہ جنم دن کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان امن و سلامتی والا ملک ہے ۔ہمار ا ملک اور دین امن و بھائی چارے اور پیار محبت کا درس دیتا ہے ۔یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں بسنے والی اقلیتیں ہر حوالے سے آزاد ہیں۔دوسری جانب حسن ابدال میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں ویساکھی میلہ کی تین روزہ تقریبات جاری،پڑوسی ملک بھارت سمیت دنیا بھر سے دو ہزار سے زائد یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے حسن ابدال پہنچ گئے ،سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے گئے ۔ویساکھی میلہ کیلئے انڈیا سے 1952مسافر حسن ابدال پہنچے ۔اس موقع پر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔