لاہور( قاضی ندیم اقبال)پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی نے بھارتی سکھ یاتریوں کو 10یوم کا ویزہ جا ری کر دیا۔جس کے تناظر میں رمضان المبارک کے دوران ویساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن تقریبات کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ۔ چیئر مین متروکہ وقف املاک بورڈ ڈاکٹر عامر احمد کی سربراہی میں شرائنز برانچ کے سربراہ ایڈیشنل سیکرٹری رانا شاہد سلیم اور ڈپٹی سیکرٹری شرائنز محمد عمران گوندل،پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کے پردھان سردار امیر سنگھ نے معاملات کو مشترکہ طور پر حتمی شکل دی ۔ سکھ یاتریوں کو طعام، قیام ، علاج معالجہ اور مفت سفری سہولیات ، سکیورٹی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لنگر بھی سرکاری طور پر پیش کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اعلیٰ ذمہ داران بھارتی سکھ یاتری کل12اپریل کوپاکستان آئیں گے ۔واہگہ پر خصوصی ٹرنیوں کے ذریعے گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا جائے گا۔ شیڈول کے مطابق اپنی آمد کے اگلے روز 13اپریل کو سکھ یاتری بابا ولی قندھاری کی درگاہ کی زیارت کے لئے جائیں گے ،14 اپریل کو بھوگ اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مرکزی تقریب ہو گی اور اسی روز 14اپریل کو ہی گورودوارہ پنجہ صاحب اور گورودوارہ جنم استھان میں ’’خالصہ جنم دن تقریبات‘‘ کا انعقاد کیا جائے گا۔ بھارتی سکھ یاتری ویساکھی کی مرکزی تقریب میں شرکت کے بعد رات کو گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب کی راہ لیں گے ۔ 15 اپریل کو سکھ یاتری ننکانہ صاحب کے مقامی گورودواروں کی یاترا کریں گے ، 16اپریل کو گورودوارہ سچا سودا، فاروق آباد کی یاترا کے لئے جائیں گے 17اپریل کو سکھ یاتری خصوصی بسوں کے ذریعے گورودوارہ شری ڈیرہ صاحب لاہور آئیں گے اور18اپریل کی رات یہیں قیام کریں گے ۔ 19اپریل کو سکھ یاتری گورودوارہ دربار صاحب کرتار پور کی یاترا کے لئے جائیں گے ، اگلے روز 20اپریل کو سکھ یاتری لاہور واپس پہنچیں گے ، تجارتی مراکز سمیت دیگر سیاحتی مقامات کا دورہ کریں گے ۔جبکہ 21اپریل کو واہگہ چیک پوسٹ راستے بھارت واپس چلے جائیں گے ۔ ذرائع کے مطابق وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے سکھ یاتریوں کی پاکستان یاترا کے شیڈول کی منظوری دے دی ہے ۔