میلسی(نامہ نگار،92نیوز رپورٹ، نیوزایجنسیاں ) وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کیلئے مزید 500 ارب روپے مختص کرنے اور اسے الگ صوبہ بنانے کیلئے جلد قومی اسمبلی میں آئینی ترمیم لانے کا اعلان کر دیا۔اس بات کا اعلان انہوں نے میلسی میں تحریک انصاف کے جلسہ عام سے خطاب میں کیا۔ جلسہ گاہ میں کارکنان اور مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔وزیراعظم نے کہا عوام کی مشکلات کو دیکھتے ہوئے پٹرول پر10 روپے اوربجلی پر5 روپے کم کیے اسلئے کہ اس بار ایف بی آر نے ریکارڈ ٹیکس جمع کیا ،جس قدر ٹیکس جمع ہوتا رہے گا عوام کو ریلیف فراہم کرتے رہیں گے ، لندن میں بیٹھے بھگوڑے سے اگر پیسہ واپس آگیا توپٹرول ڈیزل کی قیمت آدھی کردوں گا، آج جتنی بھی مہنگائی ہے وہ پیپلزپارٹی کے دور سے کم ہے ۔تحریک عدم اعتماد لا کون رہا ہے ، نواز شریف جوجھوٹ بول کر ملک سے باہر چلے گئے ، کبھی گیدڑ بھی لیڈر بن سکتا ہے ؟ کبھی سنا ہے لیڈر دم دبا کر بھاگ گیا؟ نواز شریف دوسری بار ملک سے بھاگے اور جھوٹ کہا کوئی معاہدہ کرکے باہر نہیں گیا اور معاہدہ بھی سامنے آگیا۔ ن لیگ میں اچھے اچھے لوگ بھی ہیں جن سے پوچھنا چاہتا ہوں گوگل پر سرچ کریں کوئی مثال ایسی ہے کہ دو بچے پڑھنے باہر جائیں اور اربوں روپے کے محل میں رہیں اور پیسے پر جواب دیں ہم پاکستانی شہری نہیں اور اسلئے جوابدہ نہیں۔ شہباز شریف کا پتہ کرنا ہے تو مقصود چپڑاسی کو سامنے لے آئیں جس کے اکاؤنٹ سے شہباز شریف کے اربوں روپے نکلے ، نواز شریف اور ان کی بیٹی فوج کیخلاف بیانات دیتے ہیں جبکہ شہباز شریف کو کوئی بھی بوٹ نظر آئے تو وہ پالش کرنا شروع کردیتے ہیں۔شوباز شریف کو پتہ چل گیا، ان کا کرپشن کا کیس لگ گیا ، اب یہ جیل میں ہونگے تو انہیں عدم اعتماد کی جلدی آن پڑی ہے ۔ عدم ا عتماد لانے والی تیسری بیماری زرداری ہے ،جب بینظیر اقتدارمیں آئی تو ایک سال میں پوری دنیا میں مسٹر ٹین پرسنٹ کی دھوم مچ گئی، زرداری سینما کے ٹکٹ بلیک کرتا تھا، کرپشن کی رقم سے برطانیہ میں مہنگا سرے محل خریدا،نواز شریف اور زرداری کی چوری کاذکر کتابوں اور اخباروں میں آیا، بی بی سی نے فلمیں بنائیں، زرداری کو نواز شریف نے دو بار کرپشن پر جیل میں ڈا لا جبکہ حدیبیہ پیپرز مل کا نواز شریف کیخلاف کیس زرداری نے بنایا۔چوتھا کردار فضل الرحمان ہے جسے میں کبھی مولانا نہیں کہوں گا، یہ ڈیزل کے پرمٹ بیچ کر پیسے بناتا رہا، دھرنے میں مدرسے کے بچے بلیک میل کرنے کیلئے اسلام آباد لے آیا، ان بچوں سے جب پوچھا گیا کہ وہ کیوں آیا تو انہوں نے کہا عمران خان یہودیوں کا ایجنٹ ہے ، فضلو بتائے ڈاکوئوں کے ٹولے کے ہوتے ہوئے یہودیوں کو پاکستان میں سازش کرنے کی ضرورت کیا ہے ، میری اور فضل الرحمان کی عمر برابر ہے اس عمر میں ہمیں اپنی آخرت کی فکر کرنی چاہئے ، کیا فضل الرحمان کو دین کے نام پر پیسے بناتے ہوئے خوف خدا نہیں ، مدارس کے بچے ہمارا اثاثہ ہیں، ا نہیں بلیک میل اور سیاست کیلئے استعمال نہ کریں، اللہ نے انہیں معاف نہیں کرنا۔میڈیا کا کردار واچ ڈاگ کا ہے ، مغرب میں کرپٹ فرد تقریر نہیں کرسکتا، میڈیا کو اچھائی کیساتھ کھڑا ہونا چاہئے ، میں سیاست میں آیا ہی ان کا مقابلہ کرنے کیلئے ہوں، خون کے آخری قطرے تک ان کا مقابلہ کروں گا، پوری تیاری ہے ، یہ جو کریں گے میں اس کیلئے تیارہوں لیکن ڈاکوئوں کا یہ گلدستہ یاد رکھے عدم اعتماد کی تحریک کی ناکامی کے بعد جو میں ان کے ساتھ کروں گا یہ اس کیلئے بھی تیار رہیں۔ وزیراعظم نے کہاہم کسی بلاک کا حصہ نہیں ، ہم نیوٹرل ہیں،ہمارے چین، امریکہ، روس سمیت سب سے اچھے تعلقات ہیں ، ہم جنگ میں کسی کا ساتھ نہیں دیں گے اور امن میں سب کیساتھ ہیں۔تاریخ میں کبھی ایسا نہیں ہوا کوئی ملک کسی کیلئے جنگ لڑے اور اس پر وہی ملک ڈرون بمباری شروع کر دے ، اس وقت کے حکمرانوں کو شرم نہیں آئی پاکستانی مر رہے ہیں، وہ کیوں خاموش رہے ؟ وہ دو ڈاکو اسلئے نہیں بول رہے تھے کہ ان کا پیسہ باہر کے ملکوں میں موجود تھا، قوم بتائے میں جب سے وزیراعظم بناہوں کیا کوئی ڈرون حملہ ہوا؟ اگر کوئی ڈرون آیا تو ایئر فورس سے کہوں گا وہ ڈرون نیچے گرا دو، کوئی قانون اجازت نہیں دیتا کسی ملک میں ڈرون حملہ کیا جائے ۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار نے خطاب کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سال کے عرصے میں دو سیکرٹریٹ جنوبی پنجاب کو دئیے ۔