لاہور(جنرل رپورٹر)سرکاری ہسپتالو ں میں دوران ڈیوٹی موبائل فون کا بڑھتا ہوا استعمال اورعلاج معالجے کی فراہمی میں تعطل کے باعث محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے ہسپتالوں اور مراکز صحت میں دوران ڈیوٹی ڈاکٹرز اور عملے کے موبائل فون استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے ۔محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کی جانب سے تمام اضلاع کے سی ای اوز ہیلتھ ، ڈسٹرکٹ اور تحصیل ہسپتالوں کے ایم ایس، دیہی اور بنیادی مراکز صحت اور ڈسپنسریز کے انچارج صاحبان کے نام مراسلہ ارسال کیا ہے ۔ مراسلے میں اس بات کا انکشاف ہوکہ سی سی ٹی وی کیمروں کی سرویلنس کے ذریعے موبائل فون کے استعمال کے متعدد واقعات رپورٹ ہو رہے ہیں۔ ڈاکٹرز اور عملے کے دوران ڈیوٹی موبائل فون کے بے جا استعمال سے علاج معالجے کی فراہمی متاثر ہوتی ہے ۔اب محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے موبائل فون کو بلا جوا ز استعمال پر پابندی عائد کر دی ۔ ڈی ایچ کیو ، ٹی ایچ کیو ، رولر ہیلتھ سنٹرز سمیت دیگر مراکز صحت پر اس پابندی کا اطلاق ہو گا۔ ڈاکٹروں ، نرسوں ، پیرا میڈیکل و دیگر سٹاف بھی ان احکاما ت پر عمل درآمد کرئے گا دوران ڈیوٹی انتہائی ضروری اور سرکاری امور کی انجام دہی کے لیے موبائل استعمال کی اجازت ہے ۔ مراسلے میں ہسپتالوں اور مراکز صحت کے سربراہان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ دوران ڈیوٹی موبائل فون کے استعمال کی ہر گز اجازت نہیں ہے ۔ سی ای اوز ہیلتھ سمیت ایم ایس اور مراکز صحت کے انچارج صاحبان کو ہدایت کی گئی ہے کہ اس حکم پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور اگر کوئی سٹاف ممبر خلاف ورزی کا مرتکب ہو تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔