اسلا م آباد ،لاہور،کراچی ،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان،92نیوزرپورٹ،بیورورپورٹ، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید71افراد جاں بحق ہو گئے اور اموات کی مجموعی تعداد9080ہو گئی،سب سے زیادہ پنجاب میں 39 اموات ہوئیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 2545نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد448522ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد42851ہو گئی،2505مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ396591صحتیاب ہو چکے ۔اس وقت ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کا تناسب 6.3 فیصد ہے جبکہ لاہورمیں 4.71 فیصد ہے ۔ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید39مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ618نئے کیس سامنے آگئے ۔لاہورمیں 361،راولپنڈی51،بہاولپور20،ملتان 13،فیصل آبادمیں 32کیسز رپورٹ ہوئے ۔ ترجمان کے مطابق جون میں ہی وفاقی سطح پر تمام صوبوں کی ایک ویب سائٹ کی تشکیل کے بعد صوبوں کی ویب سائٹس غیر فعال کر دی گئیں تھیں۔پنجاب کے ڈیٹا میں کسی قسم کا کوئی تضاد نہیں۔معروف اداکارہ اور ہداتیکارہ سنگیتا بھی وبامیں مبتلا ہوگئیں اور خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا ۔ممتاز سماجی شخصیت ونیشنل بینک کے نائب صدر سید ابن حسن کورونا سے کراچی کے ہسپتال میں وفات پا گئے ۔کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ عارف اللہ حسینی بھی کورونا کے باعث انتقال کرگئے ، وہ کمانڈر کراچی کوسٹ بھی رہ چکے تھے اور2017 میں ذاتی وجوہات کی بنا پر بحیثیت وائس ایڈمرل پاک بحریہ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔پاک نیوی میں اعلیٰ کارکردگی پر انہیں ہلال امتیاز ملٹری اور تمغہ بسالت کا ایوارڈ بھی عطا کیا گیا تھا۔ صوبائی وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہوکاکوروناٹیسٹ بھی مثبت آگیا اور خودکوقرنطینہ کرلیا۔کورونا کیسز میں اضافہ پر سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں مدارس بند کرنے کا حکم دیدیا ۔دنیا میں ہلاکتیں16لاکھ63ہزارسے زائدہوگئیں ۔ فرانس کے صدر ایمانوئل میکغوں بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے ،کورونا ٹیسٹ مثبت آ نے پر 7 روز کیلئے خود کو قرنطینہ کرلیا،تاہم اس دوران اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے ۔میکغوں سے ملاقات کرنیوالے ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز اور پرتگالی وزیراعظم انٹونیو کوسٹا اور یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل نے بھی خود کو قرنطینہ کر لیا۔ احتیاطاً خود کو قرنطینہ کرنے کے بعدامریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیوکا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔برطانیہ میں کورونا سے اموات میں اچانک اضافہ ہوگیا اور ایک ہی روز میں 612 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جبکہ 25ہزار نئے کیسز بھی رپورٹ ہوئے ،حکومت نے عوام کوباکسنگ ڈے پر خریداری سے گریز کرنے کی ہدایت کی اور معمر افراد کو ویکسین ملنے تک ان سے نہ ملنے کا مشورہ دیا ہے ۔برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے بریفنگ میں بتایا کہ کرسمس پر 23 سے 27 دسمبر تک پابندیاں نرم رہیں گی۔ کرسمس کی خوشیاں مناتے وقت انتہائی احتیاط کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ہر شخص ذمہ داری کا مظاہرہ کرے ۔ میری لٹل کرسمس منالیں، ایسٹر تک حالات بہتر ہوجائینگے ۔ معمر افراد ویکسین لگوانے تک گھر میں عزیزوں کیساتھ وقت گزارنے سے گریز کریں۔ لوگوں کو کرسمس نہ منانے دینا غیر انسانی ہوگا۔برطانوی ماہر صحت پروفیسر کرس وٹی نے کہا کہ ویکسین کے باوجود کورونا کا خطرہ موجود رہے گا۔ سماجی دوری کی شرط ختم کرنے کا فیصلہ سیاستدان کرینگے ۔ تین گھرانوں کا 5 روز تک ملنا برفیلی سڑک پر 70 میل کی رفتار سے کارچلانے کے مترادف ہوگا۔پولینڈ نے 28دسمبر سے لاک ڈاؤن کا اعلان کر دیا۔