لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے دورہ پر آئی آسٹریلیا کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میچ میں 115 رنز سے شکست دے کر نہ صرف آخری ٹیسٹ میچ بلکہ تین میچوں کی سیریز بھی ایک صفر سے جیت لی۔ قومی ٹیم کو جیتنے کے لئے 351رنز کا ہدف ملا تھا مگر ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم 235 رنز ہی بنا سکی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستانی بیٹرز کینگروز کے خلاف جیت کے لئے 351 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 235رنز ہی بنا پائے ۔ آف سپنرلیتھن لیون اور فاسٹ باولرپیٹ کمنز نے کسی پاکستانی بیٹسمین کو جم کر نہ کھیلنے دیا جو پورا دن دفاعی کرکٹ کھیلتے دکھائی دیئے ۔ پاکستان نے گذشتہ روز کے 73 رنز سے دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو کھانے کے وقفہ سے قبل عبداﷲ شفیق 27 اور اظہر علی 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ کھانے کے وقفہ کے بعد امام الحق 70 رنز بنا کر لیون کا شکار بن گئے ۔ فواد عالم اور محمد رضوان بھی وکٹ پر زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے ۔ فواد عالم 11 جبکہ محمد رضوان کوئی رنز بنائے بغیر کمنز کے ہاتھوں ایل بی ڈبلیو آوٹ ہوئے ۔ کپتان بابر اعظم امیدوں کا مرکز بن گئے لیکن وی بھی اپنے انفرادی 55 سکور پر لیون کی بال پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہو گئے ۔ نیتھن لیون نے پانچ، پیٹ کمنز نے تین جبکہ کیمرون گرین اور مچل سٹارک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آسٹریلوی ٹیم کے کپتان آخری میچ کے بہترین کھلاڑی جبکہ عثمان خواجہ دو سنچریوں کی مدد سے 496رنز کے ساتھ سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔ پاکستان کی جانب سے عبداﷲ شفیق 397 رنز کے ساتھ سب سے کامیاب بیٹسمین رہے ۔ پاکستان ٹیم نے 1998 میں کھیلی گئی سیریز میں بھی پاکستان ٹیم کو ایک صفر سے شکست دی تھی۔