لاہور(سٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ رمضان نیکوں کا موسم بہار ہے جو تقوی، پرہیزگاری اور صبر کا درس دیتا ہے ۔ رمضان اللہ کا مہینہ ہے ، اسکا مطلب یہ ہے کہ اس مہینہ میں اللہ پاک کی خاص رحمت اور خاص نظر کرم ہم پر ہوتی ہے ۔یہ عظیم مہینہ نیکوکاروں کیلئے نیکیوں کا موسم بہار،صالحین کا بازار،اعمال صالحہ اور حسنات کا سیزن ہے ،جس طرح ظاہری موسموں میں ایک بہار کا موسم ہوتا ہے اسی طرح روحانی کائنات کا موسم بہار یہ مہینہ ہے ۔ اس مہینہ میں شیاطین اور سرکش جنات کو قید کرکے اور روزے جیسے نفس کو کچلنے والے عظیم عمل و شب قدر جیسی بابرکت رات دیکرخدا اپنے بندوں کونیکیوں کے کرنے کا خصوصی موقع عطاکرتا ہے تاکہ امت جہنم کی آگ سے بچ کر جنت میں جانے والے بن جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی این سی 166 میں فہم قرآن و سنت تقریب سے خطاب کرتے کیا۔ فہم قرآن و سنت تقریب میاں مقصود احمد، قاری عطاء الرحمن، مولانا عتیق الرحمن، مولانا عبدالرحمن مجاہد، مولانا عبدالقادر، چوہدری عبدالواحد سمیت دیگرذمہ داران نے شرکت کی۔