لاہور، ملتان(جنرل رپورٹرز) سابق امیر جماعت اسلامی و ناظم اعلیٰ جمعیت سید منور حسن (مرحوم ) کی یاد میں مرکز جمعیت میں تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں سینیٹر سراج الحق امیر جماعت اسلامی نے خصوصی شرکت کی اور سید منور حسن کی دینی ، سیاسی خدمات کو شاندار انداز میں خراج عقیدت پیش کیا اور خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید صاحب کی زندگی تحریک کے لئے قابل رشک اور قابل تقلید ہے اور ان کا زہد، تقوی اپنی ذات میں منفرد تھا۔ اس موقع پر حمزہ محمد صدیقی ناظم اعلیٰ اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے کہا کہ سید منور حسن کی رحلت سے جو خلا پیدا ہوا وہ کبھی پر نہیں ہوسکے گا۔ تعزیتی ریفرنس میں سابق ناظمین اعلیٰ جمعیت امیر العظیم ، سینیٹر مشتاق احمد خاں ، حافظ نعیم الرحمن ، سید عبد الرشید ممبر صوبائی اسمبلی سندھ، راشد نسیم،زبیر گوندل ، زبیر حفیظ ، جاپان سے حسین خاں ، امریکہ سے عبدالماک مجاہد ، ڈاکٹر کمال احمد اورشبیر خان نے شرکت کی ۔ دریں اثناسینیٹر سراج الحق نے گزشتہ شام ملتان میں جھوک وینس میں جماعت اسلامی میں شامل ہونیوالے تحریک انصاف کے سابق رہنما ملک سجاد احمد وینس کے ڈیرے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے پاس کوئی وژن نہیں ۔ حکمران صبح و شام جھوٹ بول رہے ہیں اور یو ٹرن پر فخر کرتے ہیں ان کے نزدیک تبدیلی کا مطلب ایف بی آر کے چیئرمین یا پنجاب کے آئی جی پولیس کو بار بار تبدیل کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملکی معیشت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا گیا،حکمران یاد رکھیں کہ ان کا یوم حساب آچکا ہے ۔