اسلام آباد (وقائع نگار) جاری مالی سال کے دوران ملک میں سوتی دھاگے اور سوتی ملبوسات کی پیداوار میں عمومی اضافے کارجحان دیکھنے میں آرہا ہے ۔ ادارہ شماریات کے اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لے کر اکتوبر تک کی مدت میں ملک میں سوتی دھاگہ کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 0.82 فیصد اور اکتوبر کے مہینہ میں ماہانہ بنیادوں پر 0.75 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اسی طرح سوتی ملبوسات کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 0.34 فیصد اور اکتوبر کے مہینہ میں ماہانہ بنیادوں پر 0.17 فیصد کی نمو دیکھنے میں آئی ہے ۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 1152195ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے دورا ن ملک میں 1142840 ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اکتوبر میں 288055 ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی جو گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلہ میں 0.75 فیصد کم ہے ۔ گزشتہ سال اکتوبر میں ملک میں 285900 ٹن سوتی دھاگہ کی پیداوار ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ملک میں 350130000 مربع میٹر سوتی ملبوسات کی پیداوار ریکارڈ کی گئی ۔