لاہور(نمائندہ خصوصی سے )چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے کہا کہ سرکاری امور کی انجام دہی کسی صورت متاثر نہیں ہونی چاہئے ۔افسران کی کارکردگی کی جانچ کیلئے کے پی آئیزمتعارف کرائے گئے ہیں، آن لائن پورٹل پر مکمل ڈیٹا کی دستیابی 10روز میں یقینی بنائی جائے ۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں سیکرٹریز کانفرنس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور تمام محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ جنوبی پنجاب کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ سموگ پر قابو پانے کیلئے ابھی سے کام شروع کرنا ہو گا۔ انہوں نے تمام محکموں کے سیکرٹریز کو زیر التواء پنشن کیسز جلد از جلد نمٹانے اور رمضان بازاروں کے دورے کرنے سے متعلق بھی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے رمضان بازاروں میں بہترین انتظامات کئے جائیں۔