لاہور(محمد نواز سنگرا)عام انتخابات 2018کے موقع پر سرکاری سکولوں میں قائم پولنگ سٹیشنوں پر پانی،بجلی،فرنیچر ،واش رومز سمیت تمام سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ الیکشن کمیشن کی طرف سے ہدایات کے بعد محکمہ سکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو پولنگ سٹیشنوں کیلئے مختص سکولوں کی عمارتوں پر تمام سہولیات مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔ڈائریکٹر مانیٹرنگ اور الیکشن کمیشن کیلئے فوکل پرسن رانا عبدالقیوم خان کی طر ف سے تمام اضلاع کی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیز کے چیف ایگزیکٹو افسران کو پولنگ سٹیشنوں کیلئے مختص سکولوں کی عمارتوں پر تمام سہولیات مکمل کرنے کیلئے مراسلہ جاری کیا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے یہ مراسلہ سکولوں کے ہیڈ ماسٹر تک پہنچا کر تما م تر سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عام انتخابات 2018 کیلئے بہت سارے سکولوں کی عمارتوں میں پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے ہیں اور ان پولنگ سٹیشزپر پانی ،بجلی،فرنیچر اور واش رومز کو قابل استعمال بنایا جائے اور تمام چیزوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ پولنگ سٹاف نے زیادہ وقت یہاں گزارنا ہے اور ان کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مزید ہدایات کی گئی ہیں کہ اس مراسلے کو آگے انتظامی افسران اور سکولوں کے ہیڈ ماسٹر کو ارسال کیا جائے تاکہ انتخابات سے قبل تمام تر ضروری انتظامات کیے جائیں اور پولنگ عملہ اور ووٹرز کو پولنگ سٹیشنوں پر مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔مراسلے کی کاپی صوبائی الیکشن کمیشن کو بھی ارسال کر دی گئی ہے ۔