لاہور(نامہ نگارخصوصی،مانیٹرنگ ڈیسک ) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں عاصمہ جہانگیر کے انڈیپنڈنٹ گروپ کے نامزداورپی ڈی ایم کے حمایت یافتہ امیدواروں نے کلین سویپ کردیا۔ انڈی پینڈنٹ گروپ کے عبداللطیف آفریدی سپریم کورٹ بار کے صدر اوراحمد شہزاد فاروق رانا بھاری اکثریت سے سیکرٹری منتخب ہوگئے ۔عبداللطیف آفریدی اے این پی جبکہ احمد شہزاد فاروق رانا پیپلزپارٹی کے رکن ہیں۔غیرحتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق عبداللطیف آفریدی نے 1229 ووٹ حاصل کیے جبکہ مدمقابل عبدالستارخان 930 ووٹ حاصل کرسکے ۔انتخابات میں ملک بھر سے سپریم کورٹ کے لائسنس یافتہ وکلا نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ لاہورمیں کل ووٹر1329تھے جن میں سے 939 نے حق رائے دہی استعمال کیا۔عبداللطیف آفریدی کو 546 جبکہ عبدالستار خان 376 کو ووٹ ملے ، 14 ووٹ مسترد کر دیئے گئے ۔سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی، سابق صدر لاہور بار منصور آفریدی، حافظ انصار الحق نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔لاہور رجسٹری ،ملتان، بہاولپور ، کراچی، پشاور ، کوئٹہ و دیگر بڑے شہروں میں پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے تھے ۔ ایڈیشنل سیکرٹری ،نائب صدور اورفنانس سیکرٹری کے عہدوں پر بھی انڈیپنڈنٹ گروپ کے امیدوار کامیاب ہوگئے ۔ بلوچستان سے اجمل کاسی،پنجاب سے ارشد باجو ہ چودھری،کے پی کے سے اجمل خان اورسندھ سے قاضی عبدالحمید صدیقی نائب صدور منتخب ہو گئے ۔ شیریں عمران ایڈیشنل سیکرٹری اور افضل جنجوعہ فنانس سیکرٹری بن گئے ۔علاوہ ازیں انڈیپنڈنٹ گروپ کے حمایت یافتہ امیدوار سپریم کورٹ بارکی ایگزیکٹو باڈی کے ممبر بھی منتخب ہوگئے ۔ سپریم کورٹ بار کے نومنتخب عہدیداروں کو حامیوں نے پھولوں کے ہار پہنائے ،بھنگڑے ڈالے اور نعرے بازی کی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب صدر عبداللطیف آفریدی نے کہا جمہوریت کیساتھ ہیں،کسی بھی ادارے کے غیر جمہوری عمل کو روکیں گے ، سیاسی انتقام اور یکطرفہ احتساب کی مذمت کرتے ہیں،سیاسی قیدیوں کو رہائی ملنی چاہیے ۔عدلیہ کا ازخود نوٹس لینا غیرضروری ہے ، یہ سلسلہ بند ہونا چاہیے ۔ نومنتخب سیکرٹری احمد شہزاد فاروق رانا کا کہناتھا نیب سمیت اداروں کو اپوزیشن کا گلادبانے کیلئے نہیں استعمال ہونا چاہیے ۔ہم سپریم کورٹ بار کے فورم کو جمہوریت اورعدلیہ کی مضبوطی کیلئے استعمال کریں گے ۔انڈیپنڈنٹ گروپ کے مرکزی رہنمائوں احسن بھون اور اعظم نذیرتارڑ کاکہناتھا انتخابات نے ثابت کردیا وکلا جمہوری قوتوں کیساتھ ہیں ۔ ہم تمام اداروں سے آئین کے تابع رہنے کی توقع کرتے ہیں۔ (ن) لیگ لائرز فورم کے مرکزی صدر نصیر بھٹہ ،صوبائی صدر رانا ظفر اقبال اور ناصر چوہان کاکہنا تھاانڈیپنڈنٹ گروپ کی جیت آئین کی فتح ہے ۔ سابق صدر سپریم کورٹ بار امان اللہ کنرانی نے سپریم کورٹ بار کے نو منتخب عہدیداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا توقع رکھتے ہیں وہ مستقبل میں آئین، قانون کی بالادستی و عدلیہ و بار کی آزادی کی جدوجہد کو جاری رکھیں گے ۔