لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار خصوصی،خبر نگار) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات آج ہونگے ۔ تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں۔سپریم کورٹ بار الیکشن کا سب سے بڑا انتخابی دنگل لاہور میں ہو گا ۔سپریم کورٹ بار الیکشن کے تین اہم عہدوں کیلئے 7 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا ۔ الیکشن میں لاہور سمیت ملک بھر کے 3177 ووٹرز ووکلا اپنا رائے حق دہی استعمال کریں گے ۔سپریم کورٹ بار کے وکلاکی سب سے زیادہ تعداد 1329 کا تعلق لاہور سے ہے ۔ ملتان کے 207 ،اسلام آباد راولپنڈی کے 518 اور بہاولپور کے 93وکلاحق رائے دہی استعمال کریں گے ۔صدر کے عہدے کیلئے دو امیدواروں عبداللطیف آفریدی اور عبدالستار خان کے درمیان ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔اس مرتبہ دونوں صدارتی امیدواروں کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے ۔نائب صدرکیلئے پنجاب سے تین امیدوار بابر علی خلجی،ارشد باجوہ چودھری اور یونس خان نول میدان میں ہیں۔سیکرٹری کے عہدے کیلئے پنجاب سے احمد شہزاد فاروق رانا اور عامر سہیل سیلمی کے درمیان مقابلہ ہوگا ۔ پنجاب سے ممبر ایگزیکٹو کیلئے چار امیدوار مدمقابل ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے الیکشن میں امیدوار کے بینرز ،فلیکسز ، اشتہارات کے استعمال ، وکلائکے اجتماعات پر مکمل پابندی ہے جبکہ سپریم کورٹ بار کی الیکشن مہم کے دوران وکلاکے بڑے اجتماعات، کھانوں اور پرتکلف تقریبات پر بھی پابندی ہے ۔پولنگ صبح 8بجے سے شام پانچ بجے تک ہوگی۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کا اعلان29اکتوبر کو ہی کردیا جائے گا جبکہ سرکاری اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔