اسلام آباد (لیڈی رپورٹر،آئی این پی) 21 سال قبل سپریم کورٹ پر ہونیوالے حملے کی تحقیقات اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، سابق وفاقی وزیر چودھری نثار اور دیگر لیگی رہنمائوں کو الیکشن لڑنے سے روکنے کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر دی گئی ۔ شاہد اورکزئی کی جانب سے دائر درخواست میں شہباز شریف ، چودھری نثار ، راجہ بشارت ، آئی جی اسلام آباد ، الیکشن کمیشن اور دیگر کو فریق بنایا گیا ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ 28 نومبر 1997 کو سپریم کورٹ پر حملہ کیا گیا، حملے میں نثار ، اس وقت کے وزیر قانون راجہ بشارت اور دیگر لیگی رہنما ملوث تھے ۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ارکان اسمبلی کو سپریم کورٹ پہنچنے کا حکم دیا تھا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت حملے میں ملوث لیگی رہنمائو ں کیخلاف انکوائری کا حکم دے اور انہیں الیکشن میں حصہ لینے سے روکا جائے ۔ ادھر اسلام آباد ہائی کورٹ نے این اے 54 سے مسلم لیگ ن کے امیدوار انجم عقیل کے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے پر انکی نااہلی کی درخواست کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے درخواست گزار کو انجم عقیل کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر کردہ نظرثانی درخواست اور اسکے فیصلے کی نقول فراہم کرنے کا حکم دیا ہے ۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ دو بچیوں کی بازیابی کیلئے سیکرٹری داخلہ کو کمیٹی بنانے کا حکم دیدیا۔ ہائی کورٹ میں لاپتہ دو بچیوں کی بازیابی کے درخواست کی سماعت ہوئی۔عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو حکم دیا کہ لاپتہ لڑکیوں سے متعلق کمیٹی بنائیں۔ سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ ایف آئی اے اور پولیس کی مشترکہ ٹیم بنا دیتے ہیں،کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی گئی۔ ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جموں و کشمیر کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے ایگزیکٹو سیکرٹری راجہ ظہیر احمد کو سوسائٹی کے انتخابی نتائج تک اختیارات استعمال کرنے سے روک دیا اور نئی منتخب ہونیوالی انتظامیہ کو اختیارات کے مبینہ ناجائز استعمال پر راجہ ظہیر کے خلاف انکوائری کرنے کا حکم دیا ۔