مکرمی! سیاست پر جاگیرداروں اور صنعت کاروں کا مکمل قبضہ ہے اور سیاست میں دولت کا عنصر اس قدر حاوی ہوچکا ہے کہ عام آدمی کے لئے کونسلر کی نشست جیتنا بھی ممکن نہیں رہا اور ملک کا اقتدار مکمل طور پر دولت مندوں ،وڈیروں اورجاگیرداروں کے قبضے میں آچکا ہے۔ ان مخصوص خاندانوں کا مقابلہ کرنا تقریباً ناممکن ہوچکا ہے اور نظام کی تبدیلی سے ہی سیاست سے دولت کا عنصر ختم کیا جاسکتا ہے انتخاب سے پہلے منصفانہ اور غیرجانبدارانہ احتساب کیا جائے،کرپشن کا مال واپس لے کر مجرموں کونشان عبرت بنایا جائے۔ انتخابی نظام میں اصلاحات کرکے سب سے پہلے تو ہر سیاسی جماعت کو پارٹی الیکشن کا پابند کیا جائے۔۔ ملک بھر بلدیاتی نظام کوفعال کیا جائے،۔بلدیاتی انتخابات ہر حالت میں مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں ۔ بلدیاتی نظام ہی بنیادی عوامی مسائل کے حل کے لئے ضروری ہے۔ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ بھی اپیل پر 3ماہ میں فیصلہ کردیں۔ انصاف میں تاخیر بھی انصاف سے انکار کے مترادف ہے۔ضروری ہے کہ اہم ترین قومی معاملات اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے تمام جماعتیں ایک میز پر بیٹھ کر ایسے مسودے پر دستخط کریں جس سے فوری طور پر ملک میں انتظامی' عدالتی اور بلدیاتی نظام تبدیل ہو سکے۔ (منور صدیقی‘ لاہور)