لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک کی سیاسی صورتحال مزید بگڑ گئی ،وزیراعظم باعزت راستہ اپناتے ہوئے استعفیٰ دیں، غیر ملکی مداخلت سے متعلق وزیراعظم کو اگر کوئی خط آیا تھا تو ا نہیں اسے بروقت پارلیمنٹ میں پیش کرنا چاہیے تھا،جماعت اسلامی سمجھتی ہے کہ امریکا پور ی دنیا میں حکومتیں گرانے اور بنانے میں اپنا سازشی کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے جامع مسجد منصورہ میں خطبہ جمعہ اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے جانے کے بعد بقیہ مدت کے لیے نئی حکومت آپسی سیاسی کشمکش کے باعث ملک کو مزید بحرانوں کی طرف دھکیلے گی۔ وزیراعظم نے غریبوں، مجبوروں کی بددعائیں لیں اور انھیں رلایا جس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آج وہ خود روتے ہوئے کہہ رہے ہیں مجھے کیوں نکالا جا رہا ہے ۔ وزیراعظم نے مدینہ کی ریاست کا نام لے کر سودی کاروبار کو جاری رکھا۔ موجودہ حکمرانوں نے کشمیر پر بھارت سے سودے بازی کی۔ جماعت اسلامی نے طے کیا ہے کہ مفادات کی جنگ میں شریک نہیں ہوں گے ۔ یہ وہ لوگ ہیں جنھوں نے ڈاکٹر عافیہ کو امریکا کے حوالے کیا اور ابھی نندن کو باعزت رہائی دی۔ قوم کے سامنے سب کے چہرے عیاں ہو گئے ۔ ن لیگ کے صدر مجھ سے ملنے آئے تو میں نے انھیں کہا کہ دو ہفتے بعد آپ اور پیپلزپارٹی ایک دوسرے سے دست و گریبان ہوں گے ، نئے الیکشن ملک کو مسائل کی دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ ہیں۔