لاہور،کراچی،پشاور(نامہ نگار خصوصی، نیوز ایجنسیاں،سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت لاہور کے جج جواد الحسن نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی میڈیکل بورڈ کی تشکیل کیلئے درخواست پرنیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آٹھ جنوری تک جواب طلب کرلیا۔بدھ کو دوران سماعت شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری مکمل کرائی گئی جبکہ نیب کے گواہ آفیسر ان لینڈ ریونیو ابراہیم ملک نے اپنا بیان ریکارڈ کرادیا ، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمان کے وکلاء کو نیب گواہ پر جرح کرنے کا حکم دیدیا،دو گواہوں محمد شریف اورریاض کو 12جنوری کو ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔شہبا زشریف نے چنیوٹ آئرن کا غیر قانونی ٹھیکہ سے متعلق بات کرنے کی اجازت چاہی توجج نے کہایہ کیس اس عدالت میں زیر سماعت نہیں۔شہباز شریف نے کہا آپ اسے سن لیں، دو منٹ لوں گا،عدالت کو کچھ شواہد دینا چاہتاہوں، چنیوٹ مائنز میں کرپشن کے سارے ثبوت لے کر آیاہوں،2007میں مائنز کا ٹھیکہ بددیانتی کے تحت پرویز مشرف کے رشتہ دار کو دیا گیا، کمپنی کیس لے کر ہائیکورٹ گئی جہاں سے ہمارے حق میں فیصلہ ہوا، چنیوٹ مائنز عوام کا خزانہ ہے ،بطوروزیر اعلیٰ ایمانداری سے قومی خزانہ کی حفاظت کی، میرے خلاف نیب نے بے نامی جائیدادوں کا کیس بنایا، چار ارب ڈالر نیب نے نہیں میں نے قوم کے بچائے اور ٹھیکے کو ختم کیا،جب میں نے معاملہ نیب کو بھجوایا تو اس نے کہا کیس نہیں بنتا ، اب 13 سال کے بعد ریفرنس فائل کر دیا،چنیوٹ کے ذخائر کی مالیت 4 ارب ڈالر ہے ۔احتساب عدالت لاہورکے جج امجد نذیرچودھری نے صاف پانی کمپنی ضمنی ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اورداماد عمران علی یوسف کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ،مزید سماعت23 جنوری کوہوگی۔ احتساب عدالت کراچی نے محکمہ سمال انڈسٹریزسندھ میں غیرقانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں ایم کیو ایم کے رہنماء رؤف صدیقی ودیگر پر فرد جرم عائد کرنے کیلئے 20 جنوری تاریخ مقرر کرکے ملزم مشتاق لغاری کے فوت ہونے کی تصدیقی رپورٹ بھی طلب کرلی۔نیب خیبر پختونخوا نے پولیس اسلحہ سکینڈل میں ملوث ملزم ناصر امین کے خلاف تحقیقات مکمل کرکے ایک کروڑ 50لاکھ روپے کا ضمنی ریفرنس احتساب عدالت پشاورمیں دائر کردیا۔احتساب عدالت لاہور نے سابق چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار اللہ سعید کے خلاف ایل او ایس گندہ نالہ تعمیر کیس کی سماعت 21 جنوری تک ملتوی کرکے نیب سے ریفرنس دائر کرنے سے متعلق مکمل رپورٹ طلب کر لی۔