لاہور(خصوصی رپورٹر،نامہ نگار،آن لائن) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے کہا ہے شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کے انعقاد کیلئے پرعزم ہیں۔ نگران وزیر اعظم سے گورنر ہاؤس میں نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری کی قیادت میں صوبائی وزراء نے ملاقات کی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہانگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک نے کہا مجھے خوشی ہے پنجاب کی نگران حکومت پیشہ ورانہ اورغیرجانبدارانہ انداز میں فرائض سرانجام دے رہی ہے ، پنجاب حکومت کی جانب سے عام انتخابات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے اچھے انتظامات کئے گئے ہیں اورہم سب نے ایک ٹیم کے طور پر کام کرکے منصفانہ الیکشن کرانے کی ذمہ داری ادا کرنی ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے ہماری پوری توجہ آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انتخابات پر مرکوز ہے ، امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے مختلف شہروں میں جا کر انتخابات کے انتظامات کا جائزہ لے رہا ہوں، پنجاب کی انتظامیہ اور پولیس اس حوالے سے مکمل غیر جانبدار ہیں،تمام جماعتوں کو ’’لیول پلینگ فیلڈ‘‘ مہیا کرنے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں اور انتخابی عمل کو شفاف بنانے کیلئے متعلقہ اداروں سے ہر سطح پر تعاون کیا جا رہا ہے ۔آن لائن کے مطابق نگران وزپر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک سے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور الیکشن کے منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد کے انتظامات پرتبادلہ خیال کیا گیا ۔بعد ازاں نگران وزیر اعظم دورہ لاہور مکمل کرنے کے بعد واپس اسلام آباد چلے گئے ۔ادھرحسن عسکری سے صدر آزاد جموں وکشمیر مسعود خان نے ملاقات کی جس میں یوم الحاق کشمیرکی تاریخی اہمیت اورباہمی دلچسپی کے امورپرتبادلہ خیال کیاگیا۔نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا بھارتی فوج کی جانب سے کنٹرول لائن پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات قابل مذمت جبکہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر قابض بھارتی افواج کے بدترین ظلم و ستم پرعالمی ضمیرکی خاموشی افسوسناک ہے ۔ صدرآزاد کشمیر مسعود خان نے کہا پاکستان نے مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پراجاگر کیا۔ دریں اثناڈاکٹر حسن عسکری نے واسا، انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا نشیبی علاقوں سے پانی نکالنے کے کام کی خود نگرانی کریں اور نکاسی آب کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں ۔انہوں نے ٹریفک حکام کو بھی ہدایت کی کہ بارش کے دوران ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔