پشاور، سوات (92نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہاہے عوام ناجائزحکومت کاخاتمہ کرکے ہی دم لیں گے ،عمران خان پاکستان کی سیاست کاغیرضروری حصہ ہے ، قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی عمران خان کوبلایاگیانہ پوچھاگیا،عمران خان کے جانے کے دن قریب آرہے ،حکومت بنانے سے پہلے اوربعدمیں بھی عمران کی کوئی حیثیت نہیں۔سوات میں پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانافضل الرحمان نے کہاعوام کاجذبہ سردنہیں ہوا،اب بھی عوام ملک میں آئین کی حکمرانی کیلئے پرجوش ہیں،عمران خان آزمائے ہوئے اورچلے ہوئے کارتوس ہیں،چلاہواکارتوس دوبارہ بندوق میں نہیں ڈالاجاسکتا،آزادلوگوں پرایسی غلام حکومت مسلط نہیں کی جاتی،عمران خان نے ریفرنڈم میں مشرف کاساتھ دیا،عمران خان کہتے تھے ملک کے پاس مشرف سے بہترکوئی آپشن نہیں،آج مشرف کیخلاف باتیں کررہے ،جب مشرف غلط فیصلے کر رہاتھا اس وقت اختلاف کیوں نہ کیا؟عمران خان امریکہ کا نمائندہ ہے ، امریکہ نے اڈے مانگے کب ہیں جوتم انکارکررہے ہو؟ قوم کے سامنے جھوٹ مت بولو وہ جو چاہتے ہیں وہ تم دے چکے ہو ، پاکستان کی سرزمین اور فضائیں پہلے ہی تم ان کے حوالے کرچکے ہو۔افغانستان کی صورتحال تبدیل ہورہی،امریکہ شکست کھاکر افغانستان سے نکل رہا،غلط پالیسیاں افغانستان کوہم سے دورکرسکتی ہیں،حکومتی پالیسیوں کے باعث ہم ایشیامیں تنہاہوتے جارہے ہیں۔امریکہ کی پشت پناہی میں نااہل حکمران سی پیک کو متنازعہ بنارہے ، نااہل حکمرانوں کی وجہ سے چین پاکستان کی بجائے ایران میں سرمایہ کاری کر رہا ہے ۔ ہم نے جمہوری ، معاشی ، آزاد ، خوشحال اور اسلامی مستقبل کی طرف آگے بڑھنا ہے ۔ اس راہ میں جو بھی رکاوٹ بنے گا دھول کی طرح اُڑادیں گے ، پی ڈی ایم غیر آئینی اور ناجائز حکومت کے جانے تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔صدرمسلم لیگ ن اورقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرشہبازشریف نے کہاہے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر سب متحد ہیں۔سوات میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا نواز شریف نے 14 ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی،نوازشریف نے ملک سے اندھیروں کوختم کیا،نوازشریف اضافی بجلی پیداکرکے گئے تھے ،نوازشریف نے 20/20گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی،آج سستی بجلی تودورمہنگی بجلی بھی موجود نہیں، عمران خان کہتے تھے سستی بجلی لاؤں گا،خیبر پختونخوا میں ساڑھے 300 ڈیم بناؤں گا،عمران خان نے 50لاکھ گھربناکردینے کی بات کی تھی،ایک اینٹ بھی نہیں لگائی،ایک کروڑنوکریوں کی بجائے لاکھوں لوگ بیروزگار ہوگئے ،اسمبلی اجلاسوں میں عمران خان کی سیٹ غریب کی جیب کی طرح خالی ہوتی ہے ،عمران خان نے ملکی معیشت تباہ کردی ، مہنگائی آسمان سے باتیں کررہی،تاریخ میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں ہوئی جتنی آج ہے ،کروڑوں لوگ خط غربت سے نیچے آچکے ، یہ اس شخص کی کارکردگی ہے جس نے کہاتھا90روزمیں کرپشن ختم کردونگا، آج کے نئے پاکستان سے تو پرانا پاکستان بہتر تھا،یہ وہ پاکستان نہیں جس کاخواب قائداعظم نے دیکھاتھا،نیاپاکستان پرانے پاکستان سے کئی سودرجے پیچھے چلاگیا، یہ وہ پاکستان نہیں جس کیلئے لاکھوں مسلمانوں نے قربانیاں دیں،غربت،مہنگائی،ظلم ،زیادتی اوراس نظام کیخلاف انقلا ب آناچاہئے ،عمران خان عوام سے کہتاہے گھبرانانہیں، میں عوام سے کہتاہوں گھبراؤ اور عمران خان کوبھگاؤ۔دوبارہ موقع ملاتوکے پی کوپنجاب سے آگے لیکرجائینگے ۔ پختونخوا میپ کے محمو د خان اچکزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان ہمیں خیرات میں نہیں ملا ہے جسے آئین پاکستان کو نہ ماننے والوں کے سپرد کیا جائے ، جو پاکستان کو نہیں مانتے ہم ان کو نہیں مانتے ۔ ن لیگ کے رہنما امیر مقام نے کہا اگر یہ نالائق ٹولہ مزید مسلط رہا تو یہ پورا ملک بیچ دیں گے ،خالد سومرو نے کہا 29جولائی کو کراچی اور پھر اسلام آباد کی طرف جائیں گے اور ظالم حکمرانوں سے لڑ کر حقوق حاصل کریں گے ۔ قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد خان شیر پائو نے بھی خطاب کیا۔