اسلام آباد(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ) پاک فوج میں ا علیٰ سطح پر تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں،لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کو ڈی جی آئی ایس آئی جبکہ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج میں اعلیٰ سطحی تقرریوں اور تبادلوں کی منظوری دیدی ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمدانجم کورکمانڈرکراچی خدمات سر انجام دے رہے ہیں، ان کا تعلق 78 ویں لانگ کورس سے ہے ، لیفٹیننٹ جنرل ندیم احمد انجم کا تعلق پنجاب رجمنٹ سے ہے ، وہ کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ میں کمانڈنٹ ، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ) بھی رہے ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایڈجوٹننٹ جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کو کور کمانڈر گوجرانوالہ ، کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو کوارٹر ماسٹر جنرل تعینات کیا گیا ہے ، لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو کور کمانڈرکراچی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود کو صدر نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لگا دیا گیا ۔ میجرجنرل عاصم ملک کی لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ہوئی ہے جس کے بعد انہیں پاک فوج میں ایڈجو ٹننٹ جنرل تعینات کر دیا گیا ہے ۔