ایل پی جی کی قیمت میں 40 روپے فی کلو کا اضافہ کر دیا گیا جس کے بعدگھریلوسلنڈر مہنگا ہوگیا ہے۔ایل پی جی ڈیلرز کے مطابق قیمت میں اضافہ بلاجواز ہے۔ مہنگائی کاسیلاب پہلے کم نہ تھا جو اب اس میں اضافہ کر دیا ہ گیا ،پٹرولیم مصنوعات سے لیکر بجلی کی قیمتوں تک ہر چیز میں جان لیوا اضافہ ہو چکا ہے ، اشیا ء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اس قدر ہو چکا ہے کہ عام آدمی کا جینا دو بھر ہے ۔پنجاب میں نگران حکومت کوتقریبا ایک سال ہونے کو ہے مگر وہ ابھی تک عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف نہیں پہنچا سکی ۔اب بھی اوگرا نے نے جنوری کے لیے گھریلو سلنڈر کی قیمت 3026اور فی کلو 256 سرکاری قیمت مقرر کی تھی لیکن مافیا مصنوعی قلت پیدا کر کے قیمت میں بلا جواز اضافہ کر رہا ہے۔اس وقت مارکیٹ میں گیس بلیک میں مل رہی ہے، جس کی وجہ سے قیمت 300 روپے پر پہنچ گئی ہے جبکہ گھریلو سلنڈر 3450 سے 3550 تک کا فروخت کیا جا رہا ہے۔ جس کے لیے ملک میں گیس کی مصنوعی قلت پیدا کردی گئی ہے ۔ جب کہ اوگرا اور حکومت خاموش اور بے بس ہیں۔کسی بھی ملک میں جب ایک کمزور حکومت قائم ہو تو وہاں پر مافیابے لگا م ہو جاتا ہے ،مرکز سے لیکر صوبوں تک نگر ان حکومتیں کافی کمزور ہیں ،یہی وجہ ہے کہ مافیا نے ہر چیز کی من مانی قیمتیں مقرر کر رکھی ہیں ۔حکومت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کو شش کرنی چاہیے تاکہ عوام سکھ کا سانس لے سکیں ۔