راولپنڈی، اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے ،خبر نگار، لیڈر رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ نے این اے 60 کے انتخابات ملتوی کئے جانے کیخلاف عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کی درخواست مسترد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن بحال رکھنے کا حکم دیدیا جبکہ شیخ رشید نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹمیںبھی درخواست دائر کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سردار عبد الرازق ایڈووکیٹ نے شیخ رشید کی طرف ہائیکورٹ میںموقف اختیار کیا کہ ا میدوار کو سزا ہونے پر الیکشن ملتوی نہیں ہوسکتا، سزا ہونے کا خمیازہ ووٹرز کیوں بھگتیں؟مریم نواز، کیپٹن صفدر کو سزا پرحلقوں کا الیکشن ملتوی نہیں ہوا۔ پاکستان فلاح پارٹی کے امیدوار راشد گردیزی کے وکیل سجاد اکبر عباسی نے شیخ رشید کی درخواست خارج کر نے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ بیلٹ پیپر کی دوبارہ چھپائی ہو سکتی ہے ، اس میں کتنا وقت لگتا ہے جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیاالیکشن کیلئے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں؟وکیل الیکشن کمیشن نے کہا کہ بیلٹ پیپرز پر تمام امیدواروں کے انتخابی نشان اور نام چھپ چکے ہیں، بیلٹ پیپر کی چھپائی آسان کام، پانچ رکنی کمیشن نے صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد الیکشن ملتوی کر نے کا فیصلہ کیا ۔وکلا کی بحث کے بعد عدالت عالیہ نے فیصلہ محفوظ کیا جو بعد میںسنا دیا گیا۔ ادھر شیخ رشید احمدنے الیکشن ملتوی کرنے کا الیکشن کمیشن کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ۔ آئینی درخواست میں موقف اپنایاگیا کہ حلقہ میں الیکشن کے تمام انتظامات مکمل تھے لیکن سزا ہونے کی بنیاد پر حنیف عباسی نااہل ہو گئے جس کے بعد22جولائی کو الیکشن کمیشن نے حیران کن طور پرانتخابات موخر کر دیئے ،الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں قابل قبول وضاحت نہیں دی گئی حالانکہ انتخابات صرف کسی امیدوار کی وفات کی صورت میں ہی ملتوی کیے جا سکتے ہیں ۔ درخواست میںالیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم کرکے مقررہ تاریخ پر الیکشن کرانے کا حکم صادر کرنے کی استدعا کی گئی ۔بعدازاں شیخرشید نے میڈیا سے گفتگو میںکہاکہ الیکشن میں صرف 2دن رہ گئے ، الیکشن کمیشن نے انتہائی غیر ذمہ دارانہ فیصلہ کیا ،یہ لوگ قلم دوات سے خوفزدہ ہیں ، چیف جسٹس نے یقین دہانی کرائی تھی کہ الیکشن ملتوی نہیں ہونگے ،اگر ایسے الیکشن ملتوی ہوں گے تو مریم اور صفدر کے حلقوںمیںبھی الیکشن ملتوی کیے جائیں۔مزید برآںاسلام آباد ہائیکورٹ نے این اے 60 کے انتخابات ملتوی کرنے کیخلاف مذکورہ حلقے سے پیپلز پارٹی کے امیدوار مختار عباسی کی درخواست پر الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کر لیا ۔دریں اثنا عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ الیکشن کے التوا کے خلاف آج سپریم کورٹ میں آخری کوشش کرونگا،پولنگ ایجنٹ کام جاری رکھیں اور پرچیاں تقسیم کریں۔