لاہور،اسلام آباد(سٹاف رپورٹر،میاں شاہد ندیم،وقائع نگار خصوصی،92 نیوز،آن لائن) مسلم لیگ (ن) نے نواز شریف کی احتساب عدالت کی جانب سے سنائی جانیوالی سزا کو چیلنج کرنے پر غور شروع کر دیا ہے ۔صدر ن لیگ شہبازشریف نے لوڈشیڈنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے ظلم کی حکومت ظالمانہ اقدامات سے ظلم کی تبدیلی لائی ہے ۔ نوازشریف کی قیادت میں ملک سے اندھیرے ختم کئے ، کراچی میں بجلی کی فراہمی میں قلت اور قیمتوں میں اضافہ دوہرا ظلم اور نالائقی ہے ،شہبازشریف نے شاہ محمود قریشی کے لئے صحت کی دعا کی ۔لاہور میں تنظیمی اجلاس کے بعداحسن اقبال نے کہا 2018کا الیکشن مسلم لیگ(ن) سے چھینا گیا تھا،ٹائیگر فورس بنانے کا مقصد صرف سیاسی ایجنڈا ہے ،اس کا کورونا سے کوئی تعلق نہیں، (ن) لیگ لائرز اور یوتھ ونگ کی دوبارہ تنظیم سازی کی ضرورت ہے ۔رانا ثنائاللہ نے کہا جج ارشد ملک کی برطرفی پر شکر کرتے ہیں،فیصلے آہستہ آہستہ ثابت کررہے ہیں کہ نوازشریف بے گناہ تھے ۔ عظمیٰ بخاری نے کہا نیازی حکومت سیاسی مخالفین اور میڈیا کاگلادبانا اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ، اس وقت مشرف دور سے بھی زیادہ آئین و قانون کی خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں،حکومتی ناکامیوں سے پردہ اٹھانے والے چینلز کی بندش اور لائسنس کی معطلی شرمناک فعل ہے ،ناکام حکومت ہر ادارے اور ہر ٹی وی چینل کو اپنے کنٹرول میں کرنا چاہتی اورمیڈیا کے بقایاجات روک کر بلیک میل کررہی ہے ،اپوزیشن حکومت کو میڈیا کا گلا دبانے کی اجازت نہیں دیگی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا بغیر انکوائری 262پائلٹس کو گراؤنڈکرنے پر جگ ہنسائی ہوئی،پوری دنیا نے مسئلے کو پکڑ لیا، پی آئی اے کو جاری 140پائلٹس کی لسٹ میں سے 26کام نہیں کررہے ، 6 ریٹائرڈ، 2حویلیاں حادثے میں شہید جبکہ 29کا ڈیٹا درست نہیں،18پائلٹس کو ابھی لائسنس ہی نہیں ملے ، 43پائلٹس کومشکوک کہنے کی وجہ امتحان کے روز ڈیوٹی پرہونا ہے ، 50سے زیادہ پائلٹس مجھ سے رابطے میں ہیں، شوکاز نوٹس جاری کرکے اور بورڈ آف انکوائری بنا کر صفائی پیش کرنے کا موقع دیاجائے ۔