اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ باہر سے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی، میرے پاس خط ہے اور وہ ثبوت ہے ،ملکی مفاد میں کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ،کوئی ایسی بات نہیں کروں گا جس سے ملک کو نقصان پہنچے ،ہم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے ،دوستی کریں گے ،بھٹو کا داماد آصف زرداری اور اس کا نواسہ دونوں کرسی کی لالچ میں اپنے نانا کی قربانی کو بھلا کر اس کے قاتلوں کے ساتھ بیٹھے ہوئے ہیں اور ان کی وکالت کررہے ہیں،قوم جاننا چاہتی ہے کہ لندن میں بیٹھا ہوا کس کے ساتھ ملتا ہے ؟ پاکستان میں بیٹھے ہوئے کردار کس کے کہنے پر چل رہے ہیں؟ ہمارے پاس ثبوت ہیں،ملکی پارلیمنٹ میں ووٹنگ ہوگی تو قوم دیکھے گی، جو ہماری طرف سے ووٹ ڈالنے جائے گا اس کو قوم نے کبھی معاف نہیں کرنا، آپ کے پاس ایک ہی راستہ ہے کہ مستعفی ہوجائیں،ہمارے ارکان واپس نہیں آئیں گے ، ن لیگ اور پی پی کے ارکان قومی اسمبلی کے بھی ضمیر جاگ جائیں گے ،ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دینے کوشش کی تو فضل الرحمان، نواز شریف ان کی اُس وقت کی پارٹیوں نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف تحریک چلائی اور آج جیسے حالات بنا دیئے گئے اور ان حالات کی وجہ سے ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی دی گئی،سارا ڈرامہ اسلئے ہورہاہے کہ عمران گھٹنے ٹیک کر این آراودے دے ،جو مرضی کرلیں، حکومت جاتی ہے توجائے ، جان جائے توجائے لیکن میں کبھی بھی ان کومعاف نہیں کروں گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کویہاں پریڈگرائونڈ میں امربالمعروف جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم نے جلسہ عام میں موجود ارکان قومی اسمبلی کو خراج تحسین پیش کیا اورکہا انہیں معلوم ہے کہ ان ارکان کوجس طرح کی لالچ دی گئی۔ انہوں نے کہا 18 سال کی عمرمیں ، میں پاکستان سے باہرچلاگیا اورکرکٹ کھیلی جیسے جیسے مجھے دین کی سمجھ آنا شروع ہوئی تو ایک چیز واضح سمجھ میں آئی کہ ہمارے نبی ﷺ نے جو فلاحی ریاست بنائی وہ پاکستان میں نہیں البتہ دنیا کے بعض ممالک میں ہے ۔وزیراعظم نے کہا جب مغربی معاشرے کوسمجھا توپتہ چلا کہ فلاحی ریاست کیا ہوتی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہمارے نبی ﷺ نے دنیا کی تاریخ میں پہلی باراسلامی فلاحی ریاست بنائی اور معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کواوپراٹھایا ، سکینڈے نیویا اور چین میں بھی انہی چیزوں کو دیکھا گیا۔وزیراعظم نے کہا نظریہ پاکستان کامطلب یہ تھا کہ ریاست کوکمزورطبقہ کااحساس ہو اورمجھے فخر ہے کہ ہم اس راستے پرنکل چکے ہیں۔وزیراعظم نے جلسہ عام میں موجود نوجوانوں کومخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں اس جنون کو قابو کرکے پاکستان کودنیا کی عظیم قوم بنانا ہے ۔وزیراعظم نے کہا5 سال جب مکمل ہوں گے توقوم دیکھے گی کہ کسی بھی دورحکومت میں اتنی تیزی سے غربت ختم کم نہیں ہوئی جتنی ہمارے دورمیں ہوئی۔وزیراعظم نے کہا ساراڈرامہ اسلئے ہورہاہے کہ مشرف کی طرح عمران گھٹنے ٹیک کر انہیں این آراودیدے ،ان کی پہلے دن سے یہ کوشش ہے کہ حکومت ختم ہو، یہ کہتے ہیں کہ ہم اللہ کی خاص مخلوق ہیں اورہماری چوری کومعاف کیاجائے ۔وزیراعظم نے کہا جو مرضی کرلیں، حکومت جا تی ہے توجائے ، جان جائے توجائے لیکن میں کبھی بھی ان کومعاف نہیں کروں گا ۔عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کسی حکومت نے ایسی کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا جیسا ہم نے 3 برس میں برسراقتدار آکر کیا۔انہوں نے عالمی رپورٹ کا حوالہ دے کر کہا کہ پاکستان میں سب سے کم مہنگائی ہے ، تھری سٹوجزوالی پوزیشن میں ایک چیری بلاسم ہے ، ڈیزل دوسرا ہے ، تیسری بیماری ہے اور چوتھا بھگوڑا ہے ۔ عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو مخاطب کرکے کہا کہ انہوں نے ایک گھنٹہ بھی کام نہیں کیا جبکہ دوسری طرف کانپیں ٹانگنے والے کو 14 برس سے اردو میں بات کرنا نہیں آئی، آصف زرداری کو تھوڑا بڑا کرکے بلاول کو سیاست میں آنے کی اجازت دینی تھی۔انہوں نے کہا قوم غیرت مند ہے لیکن اس کے حکمران بے غیرت ہیں، میں کبھی کسی کے سامنے نہیں جھکا اور اپنی قوم کا سر نیچا نہیں ہونے دوں گا۔عمران خان نے کہا ہمارے ملک کو ہمارے پرانے رہنماؤں کے کرتوتوں کی وجہ سے دھمکیاں ملتی رہیں، ہمارے ملک میں موجود لوگوں کی وجہ سے حکومتیں تبدیل کرتی جاتی رہی، ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کو آزاد خارجہ پالیسی دینے کی کوشش کی، فضل الرحمن اور بھگوڑے نواز شریف نے ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف تحریک چلائی اور آج جیسے حالات بنادیئے گئے اور ان حالات کی وجہ سے بھٹو کو پھانسی دی گئی۔انہوں نے کہا آج اسی بھٹو کے داماد ’ آصف علی زرداری، سب سے بڑی بیماری‘ اور اس کا نواسہ ’کاپنیں ٹانگ رہی ہیں‘ دونوں کرسی کی لالچ میں اپنے نانا کی قربانی کو بھلا کر ان کے قاتلوں کے ساتھ بیٹھ کر ان کی وکالت کررہے ہیں۔وزیر اعظم نے آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرکے کہا کہ ’شرم کرو‘۔انہوں نے کہا ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی کو بیرون ملک سے متاثر کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، قاتل اور مقتول کو اکٹھے کرنے والوں کے بارے میں بھی علم ہے لیکن آج ذوالفقار علی بھٹو والا ٹائم نہیں بلکہ بدل چکا ہے ۔عمران خان نے کہا ہم سب سے دوستی کریں گے ، کسی سے دشمنی نہیں کریں گے ، ہمارے ملک میں باہر کے پیسوں سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، لوگ ہمارے استعمال ہورہے ہیں، زیادہ تر انجانے میں لیکن کچھ جان بوجھ کر ہمارے خلاف پیسہ استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرکے کہا جے یو آئی (ف) کے سربراہ کی ساری سیاست دین پر مبنی ہے ، اللہ نے آپ کو کوئی اعزاز نہیں دیا، مجھ گنہگار نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سیرت النبی ﷺ پر بات کی۔قبل ازیں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے اپنے خطاب میں کہا عمران خان نے خواہش کی تھی قوم کوجگاناہے ،عمران خان یہ قوم جاگ چکی ہے ، قائداعظم نے قوم کو جگایا توپاکستان بن گیا،جب بھی یہ قوم جاگی برصغیرکی قسمت بدلی،آج قوم جاگی تولٹیروں کوشکست ہوگی۔انہوں نے کہا آصف زرداری جتنی بھی دولت ہے لے آئو،ایک بھی کارکن بکنے کوتیارنہیں۔انہوں نے کہا میں تمہاراوزیرخارجہ ہوں،میرے سینے میں بہت سے رازہیں، سینہ چاک کردوں تویہ منہ دکھانے کے قابل نہ رہیں،قوم کوگواہ بناکرکہہ رہاہوں کپتان کوبتادیا انکا منصوبہ کیاہے ،یہ منصوبہ بندی کہاں ہورہی ؟ کون کررہاہے ؟ مزیدوضاحت نہیں کرناچاہتا،ایبسلوٹلی ناٹ کہنے کی قیمت ہوتی ہے ،جو ڈگمگا رہے ہیں ان سے کہتاہوں فیصلہ کرلوقوم انہیں معاف نہیں کریگی،قوم کہہ رہی ہے ہمیں نیاپاکستان اورپراناخان چاہئے ۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھر ی نے کہا عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے والوں کو اپنے حلقوں میں عوام سے جوتے پڑیں گے ، اپوزیشن 20 کروڑ لوگوں سے گزر کرعمران خان تک پہنچے گی۔وفاقی وزیراسدعمرنے کہا فضل الرحمان کہتاہے جوبائیڈن دنیا کا لیڈرہے ، فضل الرحمان سن لو!جوبائیڈن تمہارا لیڈر ہے ،ہمارا نہیں، شہبازشریف آج کل ولایتی بوٹ پالش کررہا ۔ انہوں نے کہا عمران خان الیکشن کا اعلان کر ہی دو تاکہ سب کو پتہ چل جائے کہ پاکستان کس کے ساتھ کھڑا ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشیدنے کہا عمران خان کو اقتدار سے نہیں ،عوام سے محبت ہے ۔وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا عمران خان جارہا ہے نہ کسی کا باپ اسے ہٹا سکتا ہے ،جو پی ٹی آئی سے چلے گئے ، ان سے کہتا ہوں پچھتاؤ گے ، جب الیکشن آیا تو ان لوٹوں کا منہ کالا کر کے گدھوں پر بٹھانا ہے ۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا خوددار ایماندار لیڈر کے ایبسولیٹلی ناٹ کہنے پرعدم اعتماد لائی گئی۔وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا اب ان کو دوبارہ موقع دینا ایسا ہے کہ چور کو دوبارہ گھر میں بٹھالیں۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا اگر آج سسٹم کو ڈی ریل کیا گیا تو آنے والی کوئی حکومت اپنی مدت پوری نہیں کرسکے گی۔وفاقی وزیر مرادسعید نے کہاآزاد خارجہ پالیسی کیلئے قیمت ادا کرنی پڑتی ہے ۔