اسلام آباد، مہمند(سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر، نمائندہ 92 نیوز) پاک فوج نے پولیس کے ہمراہ لکی مروت کے علاقے شیری خیل میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن کرکے فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گردوں کو ہلاک جب کہ ایک کو گرفتارکر لیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج اور پولیس نے لکی مروت کے علاقے شیری خیل میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشن کے دوران ہونیوالی فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد مارے گئے جب کہ ایک کو پکڑ لیا گیا۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مارے جانیوالے دہشت گردوں کی شناخت ساجد، علیم، آفتاب اور فضل الرحمان کے نام سے ہوئی، دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ہتھیار اور ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ مارے گئے دہشت گرد اغواء اور شہریوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے ، یہ دہشت گرد ایف سی کے ایک سپاہی کی 22 جنوری کو شہادت میں بھی ملوث تھے ۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مقامی لوگوں نے آپریشن کو سراہتے ہوئے علاقے سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ دریں اثنا حساس اداروں اور سی ٹی ڈی نے اسلام آباد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے چاردہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ، ایک دہشت گرد فرار ہو گیا۔گرفتار دہشت گرداسلام آباد کے رہائشی اور تعلق کالعدم ٹی ٹی پی سے بتایا گیا ہے ۔گرفتار دہشت گرد سیاسی جماعتوں کے اسلام آباد اورراولپنڈی میں مختلف جلسوں اور جلوسوں کو نشانہ بناناچاہتے تھے ۔ ملزمان میں محمد محسن ، محمد اسماعیل ، زعفران خان اور محمد شہزاد شامل ہیں جبکہ فرار ہونے والے شخص کا نام محمد اویس معلوم ہوا ۔گرفتار دہشت گردوں کے قبضہ سے ایک کلو گرام بارودی مواد اور ڈیٹونیٹرز برآمد کر لئے گئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں ۔ادھر مہمند تحصیل صافی سندوخیل میں قدرے شہید پولیس چوکی پر نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں حوالدار حضرت محمد آٹو خیل اور ایک سکول ٹیچرمومن خان زخمی ہوگیا۔