ملتان(نیوز رپورٹر)چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے لاہور ہائیکورٹ ملتان بنچ میں مختلف نوعیت کی 45 درخواستوں کو سماعت کے بعد نمٹادیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس نے نابینا حافظ قرآن محمد ادریس کی درخواست پر سی پی او ملتان کو ہدایت کی کہ اسکی 7 سالہ مغویہ بچی کو فی الفور بازیاب کرایا جائے ۔چیف جسٹس نے جرنلسٹ کالونی کے حوالے سے لاہور میں درخواست دائر کرنے کی ہدایت کی ۔ صائمہ بی بی کی اراضی ہتھیانے کیلئے پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے پر سی پی او کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ امید کرتا ہوں خاتون کا مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔ چیف جسٹس نے پولیس ملازم کی جانب سے مکان کے قبضہ پردہائی دینے والی بزرگ خاتون فریداں مائی کوگلے لگاکردلاسہ دیا اور اسے درخواست دینے کی ہدایت کی ۔ بدنظمی اور کمرہ عدالت میں رش کے باعث فاضل چیف جسٹس نے باقی درخواستوں پرسماعت ملتوی کرتے ہوئے درخواستیں وصول کرکے لاہورمیں سماعت کرنے کی ہدایت کی ۔