ملتان ، پشاور (سپیشل رپورٹر، سٹاف رپورٹر) مہنگائی کے خلاف مسلم لیگ ن کے شعبہ خواتین نے ملتان اور پشاور میں بڑے مظاہرے کئے ، مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین ملتان سٹی کے زیراہتمام بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف کچہری چوک پر دھرنا دیا گیا، عمران خان کا علامتی جنازہ نکالا گیا ، لیگی خواتین کارکنان نے گلے میں سبزیوں اور سوکھی روٹیوں کے ہار پہن کرحکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور مٹی کی ہانڈی توڑ دیں۔ ’’ مہنگائی نے مار دیا‘‘ ، گونیازی گو کے نعرے لگائے ۔ احتجاجی دھرنے کی قیادت مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین کی سٹی صدر سلطانہ شاہین، سٹی جنرل سیکریٹری شاہین شفیق نے کی ۔پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ حکمرانوں نے تین سالوں کے دوران روٹی کا نوالہ تک چھین لیا۔ غریب شہری اپنے بچوں کے ہمراہ خودکشیوں پر مجبور ہو کر رہ گئے ۔لیکن کرپٹ حکمران اور ان کے وزرا،مشیر،اراکین اسمبلی سب اچھا کا راگ الاپ رہے ہیں ۔ پشاور میں پاکستان مسلم لیگ ن خواتین ونگ نے مہنگائی کے خلاف برتن اور روٹی اٹھا کر پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا ۔امیرمقام کا کہنا تھا یہ پہلی دفعہ ہے کہ اتنی بڑی تعداد میں خواتین حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف سڑکوں پر نکل آئی ہیں۔قوم عمران خان سے تنگ ہے اور جلد اس حکومت کاخاتمہ ہوگا۔وومن ونگ کی مرکزی صدرسنیٹر نزہت صادق،طاہرہ بخاری ایم این اے اور خواتین ونگ کی صوبائی صدر ثوبیہ خان ایم پی اے بھی موجود تھیں۔