مکرمی!بھارتی دارالحکومت دہلی میں ہونے والے حالیہ الیکشن میں فاشسٹ اور انتہا پسند نریندرمودی اوران کی فرقہ پرست جماعت بھارتی جنتا پارٹی کی عبرتناک شکست نے جن سنگھی سورماؤں کے مکروہ عزائم کو خاک میں ملادیا ہے۔ ان انتخابی نتائج نے بھارت کے ایک محدود طبقہ کی مذہبی منافرت اورپاکستان دشمنی کی ناپسندیدہ سیاست کو شکست دے کربھارتی سیکولر کی شناخت قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ دہلی کے رائے دہندگان کے لائقِ تحسین فیصلے نے کشمیرپربھارت کے ناجائزقبضے اورایک پرامن پڑوسی پاکستان کے خلاف جارحانہ اورتوسیع پسندانہ عزائم کو اپنے حقِ انتخاب کے ذریعے مسترد کردیا ہے۔ان نتائج کا واضح اعلان اور تقاضہ ہے کہ عوام جنگی جنونیت کے فروغ اورمحاذآرائی کی سیاست کی بجائے اپنے معاشی اورمعاشرتی مسائل کے حل چاہتے ہیں۔لہٰذا بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کو اقوامِ متحّدہ کی منظورشدہ قراداوں کے مطابق کشمیرکے عوام کا حقِ استصواب رائے بحال کرنا چاہئے۔بھارتی راجدھانی دہلی کے عوام اس فیصلہ پرمبارکباد کے بجا طور پر مستحق ہیں- (جمشیدعالم صدیقی لاہور )