اسلام آباد،لاہور،کراچی(خبر نگار،لیڈی رپورٹر، نامہ نگار خصوصی،نیوز ایجنسیاں )سپریم کورٹ نے این اے 189 ڈی جی خان سے ن لیگ کے میر بادشاہ قیصرانی کیخلاف درخواست خارج کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ہے جبکہ پی بی 11 سے آزاد امیدوار شیر خان نیازی اور پی پی 106 سے آزاد امیدوار سیف اﷲ کی اپیل مسترد کرتے ہوئے انھیں الیکشن کیلئے نااہل کردیا ہے ۔ دوسری جانب سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے کاغذات نامزدگی سپریم کورٹ میں چیلنج کردیئے گئے ہیں ۔درخواست گزار مسعود احمد عباسی نے موقف اپنایا کہ سابق وزیر اعظم نے کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کی ، اس لئے وہ صادق اور امین نہیں رہے ۔ درخواست ابتدائی سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے ۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ آج سماعت کر یگا۔ادھر لاہور ہائیکورٹ نے این اے 129 سے تحریک انصاف کے امیدوار علیم خان کے کاغذات نامزدگی کیخلاف درخواست بروقت دائر نہ کرنے کااعتراض لگاتے ہوئے خارج کر دی اور انہیں الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی۔ لاہور ہائی کورٹ نے پی پی 109 فیصل آباد سے ن لیگ کے امیدوار ندیم آفتاب سندھو کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت درخواستگزار کے وکیل کے پیش نہ ہونے پر غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔دوسری جانب سندھ ہائی کورٹ نے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹرفاروق ستار کو الیکشن کیلئے نااہل قرار دینے سے متعلق دائر درخواست پر سماعت 6اگست تک ملتوی کردی ہے ۔ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ایم این اے ریاض فتیانہ کی بیلٹ پیپر میں اصل نام کے بجائے معروف نام لکھنے اوران کے حلقے کا ریٹرننگ افسرتبدیل کرنے کی درخواستیں مسترد کردیں ۔