پشاور(سٹاف رپورٹر، نیٹ نیوز) سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نائب قاصد جعفر کو ریٹائرمنٹ پر ایک دن کیلئے پشاور ائیرپورٹ کا اعزازی منیجر بنادیا گیا۔ان کو بہترین خدمات اور پوری سروس میں کوئی غلط رپورٹ نہ ہونے پر اعزازی طور پر ایک دن کے لئے یہ عہدہ دیاگیا۔باچا خان انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے چیف آپریٹنگ آفیسر عبید الرحمان عباسی کے مطابق جعفر نے اپنی پوری سروس میں کبھی کوتاہی کی نہ اسے کبھی شوکاز ملا، اس کے خلاف کوئی رپورٹ بھی فائل نہیں ہوئی۔ ریٹائرمنٹ کے دن سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے انکی خدمات کو سراہا گیا اور جعفر کو دعوت دی گئی۔ ایک دن کا اعزازیہ دینے کے بعد پروٹوکول اور سرکاری گاڑی میں نائب قاصد جعفر کو گھر رخصت کیا گیا۔