لاہور(نامہ نگار)پبلک اینڈ گڈز ٹرانسپورٹ الائسنس کی جانب سے مطالبات منظور نہ ہونے پر دوبارہ پہیہ جام ہڑتال کی دھمکی دے دی ہے ،گزشتہ روز الائسنس کے چیئر مین عصمت اﷲ نیازی کی سرپرستی میں ہونے والے اجلاس میں تمام ٹرانسپورٹ تنظیموں نے شرکت ،اس اجلاس میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے ساتھ 2جنوری کو ہونے والے مذاکرات بارے تفصیلی بات ہوئی جس میں ٹرانسپورٹروں کے تمام مطالبات کو 31جنوری تک پورا کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی تھی ،ٹرانسپورٹروں کی جانب سے اس بات پر تشویشن کا اظہار کیا گیا کہ ایک ماہ ہونے والا ہے اور ایک بار بھی ٹرانسپورٹروں کے ساتھ بیٹھ کر معاملات حل کرنے بارے بات چیت نہیں کی گئی ہے جس پر ٹرانسپورٹروں کی جانب سے مشاورت کے بعد اعلان کیا گیا کہ 31جنوری تک کئے گئے وعدے کے مطابق مطالبات منظور نہ کئے گئے تو یکم فروری کو تمام ٹرانسپورٹ تنظیمیں مل کر پہیہ جام ہڑتال بارے مشاورت کریں گی اور دوبارہ پنجاب بھر میں مکمل پہیہ جام ہڑتال ہو گی جس میں ہر طرح کی کمرشل گاڑیاں بند ہونگی،اس حوالے سے الائسنس کے چیئر مین عصمت اﷲ نیازی نے روزنامہ 92سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ گورنر پنجاب نے جو وعدے کئے تھے وہ پورا کریں ورنہ ٹرانسپورٹروں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے پہیہ جام ہڑتال میں ہمارے ساتھ کھڑے ہوں۔